0
Monday 5 Jun 2023 21:24

بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کی خاطر ہم خیال پارٹیوں کا اتحاد ضروری ہے، فاروق عبداللہ

بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کی خاطر ہم خیال پارٹیوں کا اتحاد ضروری ہے، فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلٰی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ ضرروت پڑنے پر بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کیا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے کئی برسوں سے اسمبلی چناؤ ہی نہیں ہوئے جس وجہ سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں منتخب حکومت ناگزیر ہے تاہم جموں و کشمیر کو اس حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت میں ہی عوامی مسائل حل ہوا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بتایا کہ بھاجپا کو اقتدار سے دور رکھنے کی خاطر اگر ضرورت پڑی تو سبھی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چناؤ کے بغیر لوگوں کے مسائل کسی بھی صورت میں حل نہیں ہو سکتے لہذا حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر اور مشیر پوری ریاست کو سنبھال نہیں سکتے اس کے لئے ممبران اسمبلی ہی بہتر کام کرسکتے ہیں۔ ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ چنی ہوئی حکومت کے بغیر ریاست کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔

جی ٹونٹی میٹنگ کی کامیابی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس میٹنگ کی وجہ سے ہی شاہراﺅں پر میکڈم بچھانے کے ساتھ ساتھ دیواروں کا رنگ و روغن بھی کیا گیا جس سے لوگوں کو فائدہ ملا ہے، تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس میٹنگ سے جموں و کشمیر کی معاشی صورتحال کیا بہتر ہو سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہوسکتے جب تک ہند و پاکستان کے درمیان بات چیت نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ بات چیت کے ذریعے ہی دونوں ممالک کے درمیان سبھی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1062119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش