0
Friday 28 Oct 2011 13:04

مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدعنوانی کیخلاف ریلی زرداری راج کے خاتمے کیلئے سونامی ثابت ہو گی، ن لیگ

مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدعنوانی کیخلاف ریلی زرداری راج کے خاتمے کیلئے سونامی ثابت ہو گی، ن لیگ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ ن لیگ کے تحت مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بدعنوانی کے خلاف ریلی آج نکالی جا رہی ہے جبکہ تحریک انصاف تیس اکتوبر کو اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ بعد از نماز جمعہ، ناصر باغ سے بھاٹی چوک تک نکالی جانے والی ریلی میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پارٹی قائدین کی طرف سے گزشتہ دو ہفتے سے ایک بھرپور اشتہاری مہم چلائی گئی اور تمام شہر کو پوسٹرز بینرز اور ہورڈنگز سے سجایا گیا ہے۔ ریلی کے حوالے سے لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی نے جہاں کارنرز میٹنگز کا اہتمام کیا وہیں مختلف حلقوں سے کارکنوں کو لانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا دعوی ہے کہ ریلی کرپٹ حکمرانوں سے نجات کا ذریعہ ثابت ہو گی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اگر وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے مطمئن نہیں تو اسلام آباد جا کر احتجاج کریں۔ انتظامیہ کے زور بازو پر ریلی نکالنے سے حکومت کو نہیں گرایا جا سکے گا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا دعوی ہے کہ نواز لیگ، عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر میدان میں آئی ہے اور ریلی کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
ادھر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی آج کی ریلی اور جلسہ صدر آصف زرداری کے راج کے خاتمے کے لیے سونامی ثابت ہو گی، لاہور میں جلسہ کے لیے کئے گئے انتظامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اہلیان پاکستان آج صدر زرداری کی سول آمریت سے نجات کے لئے ہونے والے کارخیر میں حصہ لینے کے لئے بھاٹی چوک میں پہنچیں گے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لاہور کے در و دیوار پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ "گو زرداری گو"۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ریلی اور جلسے کے لئے سرکاری وسائل کے استعمال کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیا سرکاری اہلکار اس طرح رات بھر جاگ کر انتظامات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے الزام کو ثابت کرے کہ سرکاری وسائل کا استعمال کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف مسلم لیگ ن کا سیاسی دنگل آج لاہور میں لگے گا، مسلم لیگ ن آج ناصر باغ سے بھاٹی چوک تک لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی نکالے گی جسکی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئیں ہیں۔ مال روڈ سے لیکر بھاٹی چوک تک سڑکوں کو مسلم لیگ ن کے قائدین کے قد آور بینرز کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ ناصر باغ سے بھاٹی چوک تل لاوٴڈ سپیکر، جنریٹر اور لائٹوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ بھاٹی چوک میں جلسہ گاہ کے لئے بڑے کنٹینرز رکھ کر اسٹیج بنایا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ریلی اور جلسہ کے لیے آج 2500 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ ناصر باغ سے نکلنے والی ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن کی مرکزی اور صوبائی قیادت کرے گی جبکہ ریلی کے اختتام پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف جلسہ سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 109899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش