0
Friday 4 Nov 2011 15:32

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے،سنی تحریک پنجاب

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے،سنی تحریک پنجاب
لاہور:اسلام ٹائمز۔ دفتر سنی تحریک میں مختلف کالج اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی تحریک پنجاب کے صدر محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہداء کے خون سے غداری کے مترادف ہے، حکمرانوں کی بھارت نوازی سے کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچے گا، وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کابینہ کے اس فیصلہ پر نظر ثانی کریں، کسی کو دو قومی نظریے کی دھجیاں بکھیرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان بچانے کیلئے طلباء کو تحریک پاکستان جیسا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان کو ایک ماڈل اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے طبقاتی نظام تعلیم کو جڑ سے اکھارنا ہوگا۔
محمد شاداب رضا نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے فیصلے آمریت کے عکاس ہیں، جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں سے قوم کو مزید بےوقوف نہیں بنایا جا سکتا، ملک میں حقیقی اور دیرپا انقلاب کیلئے سیاستدانوں کو اپنے قول وفعل کا تضاد ختم کرنا ہوگا، سنی تحریک عوام کی طاقت سے قومی دولت لوٹنے والوں کا محاسبہ کرے گی، موجودہ ملکی حالات میں طلباء سمیت عدلیہ اور میڈیا اور سول سوسائٹی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ محمد شاداب رضا نے کہا کہ آج  62 برس گزر جانے کے باوجود اسلامی فلاحی ریاست کے نام پر بننے والے اس ملک میں ناانصافیوں کا بول بالا ہے اور غریب و متوسط طبقے کے عوام ظلم و بربریت کی چکی میں پس رہے ہیں، قوم کو مصائب سے نجات دلانے کیلئے صرف بیانات اور بحث و مباحثے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ہم سب کو عملی طور پر میدان میں آکر جدوجہد کرنا ہوگی۔
اس موقع پر بانئ سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری، سربراہ سنی تحریک شہید محمد عباس قادری اور دیگر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور سربراہ سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری کی صحت یابی اور درزئ عمر کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ طلباء نے استحکام پاکستان کیلئے سنی تحریک کے قائدین کی قربانیوں کو سراہا اور پاکستان بچانے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سنی تحریک راولپنڈی اسلام آباد رابطہ کمیٹی کے نگران مفتی لیاقت علی رضوی، کینٹ صدر علامہ طاہر اقبال چشتی، سٹی صدر صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال، اسلام آباد رابطہ کمیٹی کے رکن علامہ وسیم عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 111548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش