0
Thursday 18 Apr 2024 00:09

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اسماعیل ہنیہ کے شہداء رشتہ داروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اسماعیل ہنیہ کے شہداء رشتہ داروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ
اسلام ٹائمز۔ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں، پوتوں پوتیوں اور غزہ کے دوسرے شہداء کی وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں شہادت پر غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے دارالعلوم الاسلامیہ بیرون ہوید گیٹ بنوں میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی امامت کی۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ 7 اکتوبر سے آج تک غزہ کے لوگوں پر اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت جاری ہے جس سے چالیس ہزار سے زائد افراد بچے، بوڑھے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے حماس سے جنگ کے بہانے عام آبادی کو نشانہ بنایا۔ غزہ کو عید کے روز بھی نہیں بخشا گیا۔ انھوں نے کہا کہ حماس کے رہنماء اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹے اور تین پوتے غزہ کی جنگ میں شہید ہوئے۔ بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر اسماعیل ہنیہ کا صبر اور حوصلہ قابلِ داد ہے۔ انھوں نے فلسطین کے شہداء کی شہادت کی قبولیت، شہداء کے پاک خون کے طفیل فلسطین کی آزادی اور حکمرانوں اور جرنیلوں کو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی توفیق کی دعا کی۔

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے جامعہ مفتاح العلوم ہشنغرو کلے شیر گڑھ مردان میں غائبانہ نمازِ جنازہ پڑھائی۔ نمازِ جنازہ میں علاقہ عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عبدالواسع نے اپنے خطاب میں فلسطین کی حالت زار پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں عبدالواسع کا کہنا تھا کہ فلسطینی بالخصوص غزہ کے لوگ کئی عشروں سے قابض اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد سے اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی شروع کر رکھی ہے۔ غزہ کے لوگوں کی ایک پوری نسل کو شہید یا زخمی کر دیا گیا ہے۔ اقوام عالم کی غزہ کی صورتحال پر خاموشی مجرمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک کی طرح مسلم ممالک کے حکمران بھی غزہ کے مظلوم عوام کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ اور کئی یورپی ممالک تو اسرائیل کی کھل کر ہر قسم کی مدد کر رہے ہیں لیکن مسلم ممالک کے حکمرانوں نے امریکہ کے خوف سے غزہ کے مسئلہ پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

انہوں نے اسماعیل ہنیہ کے عزم و ہمت کو داد دی اور ان کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر ان کے لیے دعا کی۔ جامعہ احیاء العلوم بلامبٹ اور ثمر باغ دیر لوئر میں بھی اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں، پوتوں اور دیگر شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، اسی طرح ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر مرکز اسلامی کی مسجد میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں امیر ضلع عبدالرزاق عباسی اور علاقہ کے عوام نے شرکت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ جماعت اسلامی ویلج کونسل وزیر گڑھی ضلع نوشہرہ کے زیرِ اہتمام بھی فلسطینی شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، نمازِ جنازہ مولانا گوہر رحمان نے پڑھائی اور غائبانہ نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں بھی غزہ کے شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ ضلعی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسماعیل نے پڑھائی جبکہ امیر ضلع و تحصیل چیئرمین حاجی عزیز اللہ خان مروت سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان اور علاقہ عوام نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1129364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش