0
Monday 29 Apr 2024 15:11

اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے، ہارورڈ یونیورسٹی میں فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا

اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے، ہارورڈ یونیورسٹی میں فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا
امریکا کی یونیورسٹیز اور کالج کیمپس میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں ایک ہفتے سے زائد عرصے سے جاری یہ مظاہرے تیزی سے پورے ملک کے کالجز اور یونیورسٹیز میں پھیل گئے ہیں۔ امریکی حکام کی جانب سے ہفتے کے آخر میں تقریباً 275 افراد کی گرفتاری کے بعد یہ مظاہرے اب شدت اختیار کرگئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی میں مظاہرین نے اس یونیورسٹی کے بانی کی یاد میں لگائے گئے مجسمے کے اوپر سے امریکی جھنڈا ہٹا کر فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے چار الگ الگ کیمپس میں سے تقریباً 275 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں بوسٹن کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی سے 100، سینٹ لوئس کی واشنگٹن یونیورسٹی سے 80، ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی سے 72، اور انڈیانا یونیورسٹی سے 23 افراد شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں اسرائیل کے حامی اور فلسطینی حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ملک گیر مظاہروں کو پُرامن رہنا چاہیئے۔

امریکا بھر میں جاری ان مظاہروں میں مظاہرین کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل کے ساتھ امریکا کے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرے امریکا کی یونیورسٹیز کے منتظمین کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں جو آزادی اظہار کے وعدوں پر قائم رہتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی تعداد 34 ہزار 454 ہوگئی اور اب تک 77 ہزار 575 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران تقریباً 1,170 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور تقریباً 250 اسرائیلیوں کو حماس نے یرغمال بھی بنایا۔
خبر کا کوڈ : 1131922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش