0
Wednesday 9 Sep 2009 11:31

میرانشاہ،ایک اور امریکی حملہ،10ہلاک،اورکزئی،شرپسندوں کی فائرنگ،5طلباء جاں بحق،جوابی کاروائی میں 9جنگجو مارے گئے

میرانشاہ،ایک اور امریکی حملہ،10ہلاک،اورکزئی،شرپسندوں کی فائرنگ،5طلباء جاں بحق،جوابی کاروائی میں 9جنگجو مارے گئے
میرانشاہ،اورکزئی،سوات،باڑہ:شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں 10افراد ہلاک اور 2زخمی ہو گئے۔ اورکزئی ایجنسی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے 5طلباء جاں بحق جبکہ لشکر اور فورسز کی جوابی کارروائی سے 9شرپسند مارے گئے۔ سوات میں 2کمانڈروں سمیت 33شدت پسند گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کی تحصیل سیداگئی میں امریکی ڈرون طیارے نے اسماعیل نامی قبائلی کے گھر پر 2میزائل داغے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں 9افراد ہلاک اور 2زخمی ہو گئے جبکہ شدت پسندوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ ہو گیا۔ میزائل دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دوسری جانب اورکزئی ایجنسی کے صدر مقام کلائی سے تین کلومیٹر دور اتمان خیل کے علاقے میں نامعلوم شدت پسندوں نے طالبعلموں پر سکول جاتے ہوئے فائرنگ کر دی جس سے 5طالبعلم جاں بحق ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے بچے ہائیر سیکنڈری سکول کلائی کے تھے جو پیدل سکول جا رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد قومی لشکر اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی جس میں 3مبینہ شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ بچوں پر حملے کے بعد صدر مقام کلائی سے کوئی بیس کلومیٹر دور شمال کی جانب خلیل بابا کے علاقے میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے حملہ کیا گیا ہے جس میں 6شدت پسند مارے گئے ہیں اور کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ قومی لشکر اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کے حملوں کے بعد شدت پسندوں نے پہاڑی سلسلے چھوڑ دیئے ہیں اور فائرنگ کے تبادلے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کی طرف سے سوات آپریشن سے متعلق جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے کوزہ بانڈے میں مقامی کمانڈر رفیع اللہ کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔ شاہ ڈھیری میں مقامی کمانڈر یعقوب اور اس کے بھائی جبکہ تحصیل کبل کے علاقے گالوچ کاہام میں مقامی کمانڈر معتبر حسین نے خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔ فورسز نے فتح پور سے 4اور مالم جبہ سے 7دہشتگرد گرفتار کرلئے۔ راما میں آپریشن کے دوران اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔ فورسز نے گاٹو، مائرہ اور بشبنیر کے علاقے سے 10مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مینگورہ کے علاقے طاہر آباد سے 3اور راشا گیٹا سے 5دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ادھر باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناواگئی میں اہم کمانڈر سمیت 6شرپسند گرفتار کر لیے گئے۔ دریں اثناء خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن ختم کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے کے نتیجے میں باڑہ بازار ایک مرتبہ پھر بند کر دیا گیا ہے ۔

خبر کا کوڈ : 11370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش