0
Monday 21 Nov 2011 13:53

محرم الحرام کی آمد، علما، مساجد و امام بارگاہوں کیلئے غیر معمولی سیکوریٹی کی ہدایت

محرم الحرام کی آمد، علما، مساجد و امام بارگاہوں کیلئے غیر معمولی سیکوریٹی کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق شاہ کی زیر صدارت ماہ محرم الحرام میں امن و امان اور سیکورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملت جعفریہ کے ذاکرین، قائدین اور علما اور تنظیموں کے 70 رکنی وفدکے علاوہ سندھ پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی نے ہدایت کی کہ علما، ذاکرین، مساجد اور امام بارگاہوں کے لیے غیر معمولی سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ صوبے بھر میں فرقہ وارانہ وال چاکنگ، بینرز، پمفلٹس کی تقسیم اور اشتعال انگیز تقاریر پر مشتمل سی ڈیز، ڈی وی ڈیز، آڈیو وڈیو کیسٹس کی فروخت پر پابندی کے لیے انتہائی ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں قائم مساجد امام بارگاہوں اور مرکزی مجالس میں اسکینرز، واک تھروگیٹس کی تنصیب کے علاوہ مرکزی جلوسوں کی خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ کے بھی انتظامات کیے جائیں جبکہ مذکورہ مقامات کے منتظمین کی جانب سے مقرر کردہ رضا کاروں سے خدمات کے حصول کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے روٹس مجالس کے مقامات مساجد اور امام بارگاہوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس کے علاوہ پارکنگ مناسب فاصلوں پر رکھنے، تمام گاڑیوں کی کڑی نگرانی اور بم ڈسپوزل کے عملے سے چیکنگ جیسے امور کو بھی لازمی بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ وائر لیس نظام پر مامور افسران و اہلکار تمام اطلاعات بر وقت متعلقہ تھانوں میں نوٹ کرانے اور رپورٹس حکام بالا کو آگاہ رکھنے میں کسی بھی تاخیر سے گریز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کے لیے پولیس ہیڈ آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے دیگر تمام کنٹرول رومز آئی جی رینک کے افسر کی نگرانی میں مسلسل رابطوں میں رہیں گے اور تمام مجالس، جلوسوں کے آغاز، شرکا کی تعداد، ذاکرین کے نام، جلوسوں کی قیادت اور منتظمین کے ناموں کے ساتھ ساتھ تمام امورکے اختتام وغیرہ کی بھی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ ترتیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے جلوسوں میں صرف خصوصی اسٹیکروں کے حامل گاڑیوں کو ہی شامل ہونے دیا جائے جبکہ اسٹیکرز کے اجرا کو مکمل چھان بین کے بعد ہی ممکن بنایا جائے اور اس سلسلے میں دستاویزی امور اور ریکارڈ کی ترتیب کو بھی خاص اہمیت دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 115821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش