0
Sunday 27 Nov 2011 13:26

لباس اور شکلیں نہیں، نیتوں کے بدلنے سے دین کی تبلیغ ہو گی، تبلیغی اجتماع سے علماء کا خطاب

لباس اور شکلیں نہیں، نیتوں کے بدلنے سے دین کی تبلیغ ہو گی، تبلیغی اجتماع سے علماء کا خطاب
اسلام ٹائمز۔ 24 نومبر سے رائیونڈ لاہور میں شروع تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے دوسرے روز تبلیغی جماعت کے سربراہ حاجی عبدالوہاب، مولانا زبیر، مولانا سعد، مولانا احمد لاڈ اور دیگر علمائے کرام نے مختلف نشستوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے شرکائے اجتماع کو اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق گذارنے کی تاکید کی۔ تبلیغی علماء کا کہنا تھا کہ انسان کی بخشش اس کی عبادات اور دین کے مطابق زندگی گذارنے سے ہی ہو گی۔ یہ مال و دولت اور عہدے اسی دنیا میں رہ جائیں گے۔ 
تین روزہ اجتماع کے دوسرے روز کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعد نے کہا کہ ذمہ داری صرف بات کو کان میں ڈال دینے سے پوری نہیں ہوتی۔ اس زمانہ میں تبلیغ کا تصور بات کو ذہن میں ڈال دینا ہے۔ حالانکہ تبلیغ اس کو کہتے ہیں کہ حضور نبی کریم (ص) کے طریقے پر دعوت کی محنت کرتے کرتے دنیا سے چلے جانا ہے اور اس میں مسئلہ یہ نہیں کہ کتنے لوگ دین کی طرف گامزن ہوئے بلکہ ذمہ داری یہ ہے کہ آپ نے کتنی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لباس اور شکلوں کو بدلنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ اگر کچھ ہو گا تو صرف نیتوں کے بدلنے سے ہو گا۔
 
دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد لاڈ نے کہا کہ سب سے برا رونا یہ ہے کہ امت کے اندر سے دین نکل گیا اور دین کی محنت سے نہج نبوت نکل گئی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا الیاس فرماتے تھے کہ ابھی تو محنت نبوت کی محنت کو زندہ کرنے کے لئے ہو رہی ہے کہ جو نقل و حرکت دین کی بنیاد پر امت میں تھی وہ نقل و حرکت ختم ہو گئی اور جب وہ نقل و حرکت ختم ہو گئی تو پھر دین نہیں رہ سکتا۔ چاہے امت کو دین کی معلومات ہوں۔
 
تیسری نشست سے خطاب کر تے ہو مولانا زبیر نے تبلیغی ہجوم سے کہا کہ جس طرح چیزیں اللہ تعالٰی کی مخلوق ہیں اسی طرح حالات بھی اللہ کی مخلوق ہیں۔ سورج، چاند، زمین و آسمان اور سارے جانور بھی اللہ کی مخلوق ہیں۔ حالات چیزوں کی مخلوق نہیں ہیں۔ حالات مستقل طور پر اللہ کی مخلوق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہیں کہ اگر کسی شخص نے چاہا تو امن کر دیا اور چاہا تو فساد برپا کر دیا، نہیں بلکہ یہ احوال اللہ پاک کے لانے سے ظاہر ہوتے ہیں، جس طرح سورج اللہ کی مخلو ق ہے، اسی طرح وہ روشنی جو اس سے نکل رہی ہے وہ بھی اللہ کی مخلوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ہتھیار سے آدمی نہیں مر جاتا بلکہ جس طرح وہ آدمی اللہ کی مخلوق ہے، اسی طر ح موت بھی اللہ کی مخلوق ہے جب اللہ تعالٰی کسی کو مارنا چاہتے ہیں، تو موت وقوع میں آتی ہے۔
 
چوتھی نشست سے خطاب کر تے ہوئے حاجی عبدالوہاب نے کہا کہ دنیا کی محنت سے دنیاوی جاہ و جلال کا ملنا خدا کے ہاں ایک کوڑی کے برابر بھی قیمت نہیں رکھتا۔ بلکہ یہی محنت خسارے کی محنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے توبہ کر لیں۔ آج تک ہم نے حضور نبی کریم والی محنت کو حضور والی نیابت کو اپنی نیابت نہیں بنایا اور آج کے بعد حضور کی نیابت کی نیت کر لیں کہ ہم حضور کی نیابت کو اپنائیں گے اور اب اپنے آپ کو چھوٹا اور دوسروں کو اپنے سے بڑا سمجھیں گے۔
تبلیغی اجتماع اتوار بعد ازنماز عصر اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔ اجتماع کی حفاظت کے لئے دو ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، لیکن تمام انتظامات تبلیغی جماعت کی لٹھ بردار فورس کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 117502
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش