0
Saturday 3 Dec 2011 16:17

محرم کے جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تین سطحوں پر چیکنگ کی جائے،احمد رضا طاہر

محرم کے جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تین سطحوں پر چیکنگ کی جائے،احمد رضا طاہر
اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تین سطحوں کی جامع چیکنگ کے نظام کی سختی سے پابندی کی جائے جبکہ ٹریفک پولیس اور تھانہ پولیس مشترکہ طور پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی موثر چیکنگ اور سکریننگ کریں۔ سی سی پی او نے کہا کہ محرم کے جلوسوں کو چھتوں سمیت تمام اطراف سے سیکورٹی مہیا کی جائے اور جلوسوں کے روٹس پر سائیڈ لین اور سٹرکوں کو خاردار تار کے ذریعے بلاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی حفاظت کیلئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پٹرولنگ کا موثر نظام اپنایا جائے۔ سی سی پی او نے حکم دیا کہ جلوسوں کے ہمراہ محلہ و امن کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل سکواڈ کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اپنے ایک مراسلے میں سی سی پی او نے لاہور پولیس کو یہ بھی ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ جلوسوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، ٹریفک حکام خصوصی ٹریفک پلان تشکیل کریں جبکہ خواتین مجالس اور جلوسوں کے روٹس کو بھی غیر معمولی سیکورٹی کور دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی شناخت اور تلاشی کو یقینی بنانے کیلئے تمام داخلی پوائنٹس کیلئے واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کئے جائیں جبکہ پولیس ملازمین کو حساس مقامات اور ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے متعلق بریفنگ دی جائے۔ سی سی پی او نے یہ بھی ہدایت کی کہ عاشورہ کے ایام کے دوران ریزرو، موبائل سکواڈ، پکٹس اور کوئیک ریسپونس فورس کے دستوں کے ذریعے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں۔ احمد رضا طاہر نے کہا کہ اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ منافقت پھیلانے والے ذاکرین اور علماء کے خلاف کارروائی کے علاوہ شدت پسندوں اور انتہا پسندوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے جبکہ اسلحہ کی نمائش پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
سی سی پی او نے یہ بھی ہدایت کی ممتاز شخصیات، عبادت گاہوں اور مدارس کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ محرم میں مجالس کے مقامات، جلوسوں کے روٹس کے متعلق مختلف انٹیلی جنس اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس کو ہدایت کی کہ سیکورٹی انتظامات میں شہر بھر میں ہر سطح پر علماء، امن کمیٹیوں، محلہ کمیٹیوں، ایم این ایز، ایم پی ایز اور معززین کو بھی شامل کیا جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کو تاکید کی جائے کہ وہ ذاکرین، علماء اور دیگر مقررین کے طرز عمل کے ذاتی طور پر ذمہ دار ہو ں گے۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ محرم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قائم کردہ کنٹرول روم کو جدید وسائل اور سازو سامان سے آراستہ کیا جائے۔ سی سی پی او نے وارننگ دی کہ محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کسی تساہل، غفلت اور سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ وہ خود بھی جامع سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وقتاً فوقتاً اچانک دورے جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 119426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش