0
Thursday 8 Dec 2011 14:52

آصف علی زرداری واپس نہیں آئیں گے، نجم سیٹھی

آصف علی زرداری واپس نہیں آئیں گے، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے ممتاز تجزیہ نگار اور امریکی حلقوں میں اثر و رسوخ رکھنے والے نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی روانگی سیاسی تھی، وہ وطن واپس نہیں آئیں گے۔ پاکستانی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں واشنگٹن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں ہوگی، وہ دبئی بلاوجہ نہیں گئے اور ایسے ہی واپس نہیں آئیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میمو گیٹ اسیکنڈل پر 15 اور 16 تاریخ بہت اہمیت کی حامل ہے، ن لیگ، عمران خان، شاہ محمود قریشی اور فوج یہ سمجھتی ہے کہ صدر آصف زرداری اس سازش میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی پاکستان سے روانگی طبعی معائنے کے بجائے سیاسی تھی، وہ ملک سے باہر رہ کر فیصلے کا انتظار کریں گے اور اگر ان کے خلاف نتیجہ برآمد ہوا تو وہ مستقل خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے رکھیں گے۔ سیٹھی کے مطابق صدر مملکت کے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ حالات کے اتار چڑھاؤ پر بیرون ملک رہ کر ہی پارٹی کے معاملات چلائیں گے، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی تجزیہ نگار کے بقول میمو اسکینڈل پر فوجی بغاوت کی صورت میں بلاول زرداری کو سندھ میں ردعمل پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، پیپلز پارٹی نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کردی ہیں اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی فوجی اقدام کے خلاف احتجاجا استعفی دیں گے جب کہ پی پی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ سے بھی استعفے طلب کرلیے گئے ہیں۔
نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے قانون ساز ادارے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک قائم مقام صدر کے طور کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو آئندہ اقتدار میں لانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، ان کی جگہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آگے لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 120604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش