0
Friday 9 Dec 2011 19:56

نیٹو کنٹینرز سے پاکستانی شاہراہوں کو 40 ارب روپے نقصان ہوا، ارباب عالمگیر

نیٹو کنٹینرز سے پاکستانی شاہراہوں کو 40 ارب روپے نقصان ہوا، ارباب عالمگیر
اسلام ٹائمز۔ وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے سینیٹ کو بتایا کہ نیٹو کینٹنرز کی وجہ سے پاکستان کی سڑکوں کو 40 ارب روپے کا نقصان پہنچا اور بار بار خطوط بھیجنے کے باوجود نیٹو کی طرف سے رقم کی ادائیگی تو درکنار خطوط کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔ سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین جان جمالی کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر مواصلات نے ایوان کو مزید بتایا کہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے امن و امان کے مسئلے کی وجہ سے بند نہیں کئے جائیں گے۔ میاں رضا ربانی کا حکومت کی نجکاری کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پرائیوٹائزیشن کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ کے ای ایس سی کا حشر ہمارے سامنے ہے، نجکاری کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔ 

قائد حزب اختلاف عبدالغفور حیدری نے زرعی ٹیوب ویلز پر سبڈی کے خاتمے کے کابینہ کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے بلوچستان میں زراعت کا صفایا ہو جائے گا۔ سینیٹر وسیم سجاد نے ایوان کی توجہ ایران میں ہلاک کئے جانے والے چودہ پاکستانیوں کی طرف دلائی اور کہا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کی واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔ سینیٹ میں کراچی بم دھماکے میں شہید رینجرز اہلکاروں کیلئے فاتحہ خانی بھی کی گئی۔ 

دیگر وفاقی وزیر مواصلات نے کراچی کے شیر شاہ پل گرنے کی تحقیقاتی رپورٹ سینیٹ کو پیش کرتے ہوئے این ایچ اے کے ذمہ دار 3 آفیسرز کے نام بتا دیئے ہیں، ایوان کو بتایا گیا ہے کہ نیٹو کے بھاری بھرکم کنٹینرز کی وجہ سے پاکستانی شاہرات کو 40 ارب روپے نقصان ہو چکا ہے۔ وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے کراچی میں شیر شاہ پل گرنے کی تحقیقاتی رپورٹ تحریری جواب میں سینیٹ کو پیش کی اور بتایا کہ وزیراعظم معائنہ کمیشن نے ذمہ دار آفیسرز کے خلاف کارروائی کی سفارش نہیں کی، وزیر نے بتایا کہ وفاقی وزارت نے ذمہ دار این ایچ اے آفیسرز کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے، رپورٹ میں آفیسرز الطاف چوہدری، محمد یوسف اور نوشیروان سلطان کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
 
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نیٹو کنٹینرز کی وجہ سے ہماری ہائی ویز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، اور 40 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ، کو کے پی کے لکھے جانے پر سینیٹ سے اے این پی ارکان نے واک آوٴٹ کیا، سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ نجکاری کے عمل کے خلاف لاہور اور فیصل آباد میں مزدور سڑکوں پر ہیں، حکومت نجکاری کے فیصلوں پر نظرثانی کرے، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ٹیوب ویلز پر سبسڈی ختم ہونے سے زراعت خصوصاً بلوچستان میں زرعی شعبہ تباہ ہو جائے گا، وفاقی کابینہ فیصلے پر نظرثانی کرے، سینیٹ نے کراچی میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی کی، جس کے بعد اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 120854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش