0
Sunday 11 Dec 2011 20:02

نیٹو کا حملہ پاکستان کی قربانیوں کی توہین ہے، طالبان سے مذاکرات ہوئے تو سب کے سامنے لائیں گے، گیلانی

نیٹو کا حملہ پاکستان کی قربانیوں کی توہین ہے، طالبان سے مذاکرات ہوئے تو سب کے سامنے لائیں گے، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد صدر آصف زرداری بہت جلد وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو حملہ پاکستان کی قربانیوں کی توہین ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام افواہوں کے بجائے حقیقت پر نظر رکھیں، صدر آصف زرداری جلد وطن واپس آجائیں گے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ نے شمسی ایئربیس خالی کردیا ہے۔ شمسی ایئربیس اب پاکستانی فورسز کے پاس ہے۔
سرائیکی صوبے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سرائیکی صوبہ عوام کی خواہش ہے اور اہم معاملہ ہے جسے آئندہ پارلیمان کے لیے نہیں چھوڑا جاسکتا اور حکومت موجودہ اسمبلی سے سرائیکی صوبہ بنانے کے لیے رجوع کرے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کچھ عرصہ قبل آپ نے کہا تھا کہ آپ استعفٰی دے دیں گے لیکن این آر او کے بارے میں سوئس حکومت کو خط نہیں لکھیں گے تو کیا اب بھی آپ کا یہ ہی موقف ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے یہ بات کبھی نہیں کہی اور اسے غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا۔
بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا نہ ملنے کے متعلق سوال پر مسٹر گیلانی نے کہا کہ میں آپ کو صرف یہ بتانا چاہتا ہوں، آپ اگر دیکھیں کہ جو ہائی پروفائل کیسز ہیں ان میں وقت لگتا ہے اور باقی بھی آپ کے ملک میں کئی آپ نے دیکھے ہیں، قتل ہوئے ہیں، اور ان کی اب تک کوئی بات سامنے نہیں آئی۔ یہ معاملہ زیر التوا ہے۔ عدالت میں ہے اور نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ قاتل اتنے طاقت ور ہیں کہ انہیں گرفت میں لیتے حکومت کے پر جلتے ہوں؟ اس پر وزیراعظم نے کہا حکومت کے پر اب کیا جلنے ہیں چار سال سے تو بیٹھے ہیں۔
مرکز میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف کے اس بیان پر کہ بینظیر کو تڑپتا چھوڑ کر جانے والے حکومت میں وزیر اور مشیر ہیں پر وزیراعظم گیلانی نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور صرف اتنا ہی کہا کہ یہ ان کی رائے ہے، میں اس کو روک تو نہیں سکتا۔
خبر کا کوڈ : 121339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش