0
Friday 23 Dec 2011 00:49

پنجاب یونیورسٹی کا سانحہ افسوسناک، جمعیت کی جارحیت کیخلاف 3 دن سوگ کا اعلان کرتے ہیں، ناصر شیرازی

پنجاب یونیورسٹی کا سانحہ افسوسناک، جمعیت کی جارحیت کیخلاف 3 دن سوگ کا اعلان کرتے ہیں، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی صدر سید ناصر عباس شیرازی، سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین، موجودہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات سلمان عابد اور آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر ناصر عباس نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے کارکنوں کی غنڈہ گردی کی پرزور مذمت کی، رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت نے پنجاب یونیورسٹی کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے اور ہمیشہ طلباء و طالبات کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے ہیں جو کہ قابل مذمت فعل ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں یوم حسین ع کی مناسبت سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے تھے اور شیعہ سنی طلبہ نے مشترکہ طور پر محرم الحرام کی مناسبت سے یوم حسین ع کا پروگرام تشکیل دیا ہوا تھا جس کے لئے طلبہ و طالبات نے کیمیکل ڈیپارٹمنٹ کے گراؤنڈ میں پہنچنا تھا۔

رہنماؤں نے کہا کہ جب طلبہ یوم حسین ع کے سلسلے میں ہونے والے سیمینار میں شرکت کے لئے پہنچے تو یزید کے فرزندوں نے امام حسین ع کی شان میں گستاخانہ نعرے لگانا شروع کر دیئے اور شیعہ طلبہ پر بے رحمانہ تشدد شروع کر دیا۔ جمعیت کے غنڈوں نے حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی، جمعیت، لیاقت بلوچ کا یہ مشترکہ فیصلہ ہے کہ وہ جامعہ پنجاب میں یوم حسین ع کی تقریب کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، یوں آتشی اسلحہ، ڈنڈوں اور پتھروں سے جمعیت کے غنڈوں نے درجنوں طلبا ء کو زخمی کر دیا جب کہ فائرنگ کر کے یونیورسٹی میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ 

سید ناصر شیرازی نے کہا کہ جماعتی غنڈوں کے حملے سے سابق مرکزی صدر عارف حسین قنبری سمیت بہت سے سینئر رہنما بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جب کہ دو طلبہ کی حالت تشویش ناک ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ غنڈہ گرد عناصر نے نہ صرف کیمیکل ڈیپارٹمنٹ بلکہ دیگر ڈیپارٹمنٹس سے بھی طلبہ کو کمروں نے نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے رہے۔

آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر نے کہا کہ جمعیت کے غنڈوں کا یہ حملہ اتحاد بین المسلمین پر حملہ ہے حالانکہ اس سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر بات بھی ہوئی تھی اور انہوں نے جمعیت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا لیکن اس سارے عمل میں جہاں لیاقت بلوچ کا حقیقی چہرہ بھی بے نقاب ہو گیا ہے وہاں اسلام کے نام پر اسلام کا چہرہ داغدار کرنے والوں کی حقیقی شکل بھی سامنے آ گئی ہے۔ 

رہنماؤں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان اس جارحیت کو ہر فورم پر اٹھائے گی۔ انہوں نے جمعیت کے غنڈوں کی جارحیت پر تین دن سوگ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کسی کے باپ کی جاگیر نہیں اور نہ کسی ایک فرقہ کی ملکیت ہے، ہم کسی کی اجارہ داری قبول نہیں کریں گے اور آئندہ یوم امام حسین ع بھرپور طاقت کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 124378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش