0
Monday 26 Dec 2011 14:20

عمران خان کے جلسے نے غیر ملکی میڈیا کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا

عمران خان کے جلسے نے غیر ملکی میڈیا کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سونامی نے غیر ملکی میڈیا کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا اور سیاست میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرنے والے عمران خان کے چرچے بیرون ملک بھی ہونے لگے ہیں۔ برطانوی روزنامے گارڈین کے مطابق کراچی میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے عمران خان کے جلسے میں شرکت کی، جس سے سیاست میں ان کی ابھرتی ہوئی طاقت کے تاثر کو مزید مضبوط ہونے میں مدد ملی ہے۔ اخبار کے بقول عمران خان کی جانب سے کرپشن کے خاتمے اور امریکہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا ان کی مقبولیت کی وجوہات ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ عمران خان لاہور میں کامیاب جلسے کے بعد متعدد معروف شخصیات کو اپنی جماعت میں لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اخبار کا ماننا ہے کہ عمران خان پاکستان کے شہری متوسط طبقے میں بہت زیادہ مقبول ہیں اور کراچی میں ان کے جلسے میں نوجوان افراد مغربی لباس میں نظر آ رہے تھے۔ اخبار کے مطابق عمران خان کی مقبولیت امریکہ کے لئے تشویش کا باعث ہے، خصوصاً ڈرون حملوں کے خلاف ان کی تنقید زیادہ قابل فکر معاملہ ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت میں اضافے کے بعد یہ واضح نہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں کس حد تک کامیابی حاصل کر سکیں گے۔ ایک اور برطانوی اخبار ٹیلیگراف کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کراچی کے کامیاب جلسے نے پاکستانی سیاست میں ان کی حیثیت کو مزید نمایاں کیا ہے۔

امریکی روزنامے لاس اینجلس ٹائمز نے بھی عمران خان کے جلسے کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کے منتشر سیاسی منظر نامے میں وہ ایک طاقت بن کر ابھرے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس وقت رفتار پکڑی ہے جب حکمران پاکستان پیپلز پارٹی متعدد امور پر مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ اخبار کے بقول تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی موجودہ رفتار سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں میدان مار سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 125239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش