0
Saturday 4 Feb 2012 22:42

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے عید میلاد النبی ص کے موقع پر اسلامیان عالم کو مبارک باد

علامہ ساجد نقوی کی جانب سے عید میلاد النبی ص کے موقع پر اسلامیان عالم کو مبارک باد
اسلام ٹائمز۔ میلاد النبی ص کی مناسبت سے ہفتہ وحدت 12 تا 17 ربیع الاول کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں اسلامیان عالم سمیت اسلامیان پاکستان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ پرفتن اور سنگین حالات میں ہمیں پیغمبر گرامی ص کی سیرت سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور فروعی و جزوی مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ امت مسلمہ میں شیعہ سنی کی تفریق اور مسلکی اختلافات کے خاتمے، امن و آشتی کے فروغ کا راستہ اپنانا ہو گا، تاکہ ہم خدا اور خاتم الانبیاء ص کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔ 

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خاتم المرسلین ص کی میلاد کا جشن منانے کا سب سے بہتر اور موزوں طریقہ یہ ہے کہ امت مسلمہ بالخصوص اور عالم انسانیت بالعموم حضور اکرم کی سیرت، سنت اور فرامین پر عمل کرے اور اپنی انفرادی، اجتماعی، روحانی، دینی و دنیاوی مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے حضور اکرم ص کے اسوہ حسنہ کو نمونہ عمل قرار دے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیغمبر اکرم ص نے قرآن کریم، اہل بیت ع، احادیث اور اسلامی تعلیمات کی شکل میں نظریہ اور اپنی سیرت عالیہ کی شکل میں عمل کا جو اثاثہ ہمارے لئے چھوڑا ہے اس پر صحیح معنوں میں عمل کرنا ہی ہمارے لئے باعث نجات ہے۔ قرآنی تعلیمات اور اسلام کی عملی تعبیر کے لئے ہمیں سیرت رسول اکرم ص سے استفادہ کرنا ہو گا، لیکن بدقسمتی سے امت مسلمہ عملی طور پر ان تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہے جس کی وجہ سے مسلسل مصائب و آلام میں مبتلا ہے۔
 
شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے عوام اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ وحدت کے دوران تمام مسالک اور مکاتب فکر کے مابین وحدت و یگانگت ایجاد کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے مشترکہ پروگرامز اور اجتماعات منعقد کریں اور سینکڑوں مشترکات کو بنیاد بنا کر معمولی اور جزوی نوعیت کے اختلافی مسائل کو پس پشت ڈال کر ملت اسلامیہ کی وحدت کا عملی مظاہرہ کریں اور انسانیت دشمن عناصر پر واضح کریں کہ وہ ان کے اتحاد و وحدت کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ 
خبر کا کوڈ : 135424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش