0
Wednesday 28 Oct 2009 13:19

کابل:اقوام متحدہ کے دفتر پر طالبان قبضہ ختم،حملہ آوروں سمیت 11ہلاک

کابل:اقوام متحدہ کے دفتر پر طالبان قبضہ ختم،حملہ آوروں سمیت 11ہلاک
کابل:کابل میں طالبان نے اقوام متحدہ کے گیسٹ ہاؤس پر حملہ کر کے چھ غیر ملکیوں سمیت آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا۔تین خودکش حملہ آور بھی مارے گئے۔طالبان نے ذمے داری قبول کرتے ہوئے مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔پولیس کے مطابق خودکش جیکٹس پہنے کچھ حملہ آوروں نے صبح سویرے کابل کے وسطی علاقے شارع نو Shar-e-Now میں اقوام متحدہ کے گیسٹ ہاؤس پر دھاوا بولا۔ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔جس کے بعد اس کے ساتھی اندر داخل ہو گئے ۔ حملے کی اطلاع ملنے پر اتحادی اور افغان فورسز کے اہل کار وہاں پہنچ گئے اور گیسٹ ہاؤس کا محاصرہ کر لیا۔جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔اقوام متحدہ کے ترجمان ایڈریان ایڈورڈز کے مطابق حملے میں عالمی ادارے کے چھ غیر ملکی ملازمین ہلاک اور نو زخمی ہوئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے آپریشن میں تین خودکش حملہ آور بھی مارے گئے ۔جائے وقوع پر موجود ایک سیکیورٹی اہل کار کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک پولیس اہل کار اور ایک انٹیلی جنس افسر بھی ہلاک ہوئے۔زخمیوں میں کئی پولیس اہل کار شامل ہیں ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں تین خودکش حملہ آوروں نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے تین دن پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ سات نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کو ناکام بنانے کے لئے کارروائیاں کی جائیں گی اور یہ حملہ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کابل میں یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔سترہ ستمبر کو خودکش حملے میں اٹلی کے چھ فوجیوں سمیت سولہ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 8 اکتوبر کو بھارتی سفارت خانے پر خودکش حملے میں سترہ افراد مارے گئے تھے۔
افغانستان:اقوام متحدہ کے گیسٹ ہاوٴس پر طالبان کا قبضہ
کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان نے حملہ کر کے اقوام متحدہ کے ایک گیسٹ ہاؤس پر قبضہ کر لیا۔سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔جائے وقوع پر موجود ایک پولیس اہل کار کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد پانچ سے چھ ہے جنہوں نے آج صبح سویرے کابل کے وسطی علاقے شارع نو Shar-e-Now میں اقوام متحدہ کے گیسٹ ہاؤس پر حملہ کیا ۔۔ حملہ آور گیسٹ ہاؤس میں داخل ہو گئے اور اس پر قبضہ کر لیا ۔ اتحادی فوج اور افغان فورسز کے اہل کار بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گئے جس کے بعد شدید فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے گیسٹ ہاؤس کا محاصرہ کر رکھا ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حملے کے وقت گیسٹ ہاؤس میں کوئی موجود تھا یا نہیں۔

خبر کا کوڈ : 14029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش