0
Saturday 25 Feb 2012 02:10

بلوچستان کے عوام کا جذبہ حب الوطنی ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے، پروفیسر غفور

بلوچستان کے عوام کا جذبہ حب الوطنی ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے، پروفیسر غفور
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے بلوچستان کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کر دیا ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ حب الوطنی اور پاکستان سے ان کی وابستگی ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے، بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دئیے جائیں، لاپتا افراد بازیاب کرائے جائیں، بلوچستان کے عوام تنہا نہیں پوری قوم ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں ایجنسیوں کے منفی کردار، لاپتا افراد کی بازیابی، بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکی قرارداد کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت کراچی پریس کلب پر لگائے جانے والے احتجاجی کیمپ اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد، حافظ نعیم الرحمن، سابق رکن قومی اسمبلی لئیق خان، ضلع شرقی کے نائب امیر پروفیسر شکیل صدیقی نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکمرانوں کی امریکا نواز پالیسیوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

پروفیسر غفور احمد نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلوچستان رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور پاکستان سے ان کی وابستگی ہر شک اور شبہ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام کی جدوجہد کی ہے وہ اپنے حقوق کی جدوجہد میں تنہا نہیں پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان کے عوام میں پریشانی اور اضطراب ہے، حکومت استحصالی پالیسی سے باز آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان کے عوام کی جدوجہد رنگ لائے گی اور وہاں کے عوام کو حقوق ملیں گے اور محرومیاں دور ہوں گی۔ پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ ہم امریکا کے خلاف نہیں بلکہ اس کی پالیسیوں کے خلاف ہیں، امریکا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنے سے باز آجائے اس کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بلوچستان کو ایک منصوبہ بندی کے تحت ترقی کی دوڑ میں پیچھے رکھا گیا، حکمرانوں نے وہاں کے عوام کے حقوق غصب کئے جس کے نتیجے میں آج بلوچستان کے عوام میں شدید ردعمل پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اکبر بگٹی کو قتل کرکے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا، مشرف کے اس اقدام کی وجہ سے وہاں کے عوام کے اندر فوج سے نفرت پیدا ہوئی۔ فوج اور ایجنسیاں آج بھی بلوچستان میں ظلم ڈھا رہی ہیں، سینکڑوں افراد کو لاپتا کر دیا گیا، حتیٰ کہ خواتین تک کو اغواء کرکے ان کی لاشیں مسخ کرکے پھینک دی جاتی ہیں۔ حکومت، فوج اور ایجنسیوں نے بلوچستان کے حالات خراب کئے۔
خبر کا کوڈ : 140540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش