0
Wednesday 29 Feb 2012 22:51

ملتان، سانحہ کوہستان اور علامہ ثقلین نقوی کے قتل کیخلاف احتجاج

ملتان، سانحہ کوہستان اور علامہ ثقلین نقوی کے قتل کیخلاف احتجاج

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام سانحہ کوہستان، علامہ ثقلین نقوی کے قتل اور پاکستان بھر میں جاری اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف چوک نواں شہر ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا اقتدار حسین نقوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان مہدی، مولانا قاضی نادر حسین علوی، مولانا مجاہد عباس گردیزی، مولانا عون عباس نقوی اور ڈاکٹر باقر حسین نے کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان میں جاری شیعوں کے قتل عام میں دفاع پاکستان کونسل کے نام پر اکٹھی ہونیوالی طاغوتی طاقتیں ملوث ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ علامہ حافظ ثقلین نقوی پاکستان میں اسلامی وحدت کے علمبردار تھے لیکن پاکستان اور اسلام کے دشمنوں نے ان کو بے دردی سے شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انکی شہادت پر ہر درد دل رکھنے والا انسان غمزدہ ہے کیونکہ یہ ایک انسان کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا قتل ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے حکومت نے کالعدم تنظیموں کو ڈھیل دی ہے اور بالخصوص پنجاب حکومت کا کردار قابل شرم رہا ہے، پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کی اور انکی سرپرستی کی، آج وہی ٹولہ بے گناہ اور نہتے مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، جسکی نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ اب عورتوں اور بچوں کو بھی شہید کیا جا رہا ہے، جسکی تازہ صورتحال سانحہ کوہستان ہے اور یہ سانحہ مستونگ کا تسلسل ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سانحہ مستونگ اور کوئٹہ کے ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچاتی تو آج یہ سانحہ نہ ہوتا۔ مقررین نے کہا کہ لگا تار گرتے یہ لاشے پاکستان کے شیعیان حیدر کرار ع کو مجبور کر رہے ہیں کہ ہم بھی میدان عمل میں نکل آئیں، حکومت یاد رکھے کہ اگر ہم میدان میں نکل آئے تو آسمان و زمین کا رنگ تبدیل کر دیں گے، اس لیے حکومت فی الفور شیعیان حیدر کرار ع کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے اور پاکستان کی آزاد عدلیہ ان سانحات کا نوٹس لے، اگر اگر ایسا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ مظاہرین نے اس موقع پر نواں شہر چوک بلاک کر دیا اور لبیک یا حسین ع، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے، یہ کس کا لہو کون مرا بد معاش حکومت بول ذرا، کالعدم تنظیموں کو لگام دو، رانا ثناء اللہ کو برطرف کرو سمیت مختلف نعرے گئے۔

خبر کا کوڈ : 141873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش