0
Monday 5 Mar 2012 14:10

انقلاب کا راستہ روکنا اب کسی کے بس میں نہ ہوگا، ثروت اعجاز قادری

انقلاب کا راستہ روکنا اب کسی کے بس میں نہ ہوگا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے والے غاصبوں کے خلاف معرکہ کن فیصلے کا وقت آگیا ہے، عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اب گھروں سے نکلنا ہوگا۔ سنی تحریک 25 مارچ کو مینار پاکستان لاہور پر ’’ آزاد پاکستان کانفرنس ‘‘ میں ملک کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے والوں کے چہرے عیاں کریگی اور ملک کی لوٹی گئی دولت کو قومی خزانے میں لانے کے لیے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔ 2008 کے الیکشن سے قبل سیاسی و مذہبی جماعتوں نے عوامی مسائل کے حل اور عوام کو جو سہانے خواب دکھائے تھے اس پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے ملک مضبوط ہونے کی بجائے مزید پسپائی کی طرف ہوتا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ٹی صوبہ پنجاب کے کنوینر شاداب رضا قادری سے لاہور کے صوبائی سیکریٹریٹ میں ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سونامی اور کوئی زلزلہ لانے کا پیغام دے رہا ہے، یہ دونوں منزلیں تباہی کی طرف جاتی ہیں، پاکستان سنی تحریک سرکار دو عالمؐ کا منشور لارہی ہے، جس میں غریب امیر کا فرق ختم، تعلیم کے دوہرے معیار کا خاتمہ اور دولت کی سیاست کو ختم کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے زکوٰۃ کے نظام کو درست سمت کی طرف لے جانے کے ساتھ نیو جنریشن کو نوکریاں فراہم کرکے ملک سے بے روزگاری انتہا پسندی و دہشت گردی کا خاتمہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کا راستہ روکنا، اب کسی کے بس میں نہ ہوگا، جو بیرونی انقلاب پاکستان میں برپا کرنا چاہتے ہیں وہ کسی صورت اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے سودی نظام ختم کرکے قرضوں کی بھیک لینے کے عمل کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان سنی تحریک بیرونی ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لیے ہم سیاسی جمہوری اور انصاف کو پروان چڑھا کر اس کی جانب گامزن ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 143113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش