0
Sunday 18 Mar 2012 18:09

امریکہ بلوچستان پر قبضہ کر کے ایران پر حملہ کرنا چاہتا ہے، شیران اسلام پاکستان

امریکہ بلوچستان پر قبضہ کر کے ایران پر حملہ کرنا چاہتا ہے، شیران اسلام پاکستان
اسلام ٹائمز۔ شیران اسلام پاکستان تنظیم کے 13ویں یوم تاسیس کے موقع پر سیمینار بعنوان ’’پاکستان کے موجودہ حالات میں نوجوانوں کا کردار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان بنانے میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا تھا اس لئے آج خطرات میں گھرے ملک کو بچانے کے لئے بھی نوجوان آگے بڑھیں اور حب الوطنی کی قوت سے ملک دشمنوں کا خاتمہ کریں، تاکہ پاکستان کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا جا سکے۔ ہمدرد سینٹر لاہور میں ہونے والے اس سیمینار کی صدارت صاحبزادہ عطاء الحق نقشبندی نے کی، اس موقع پر پیر کرامت علی حسین، مفتی صفدر علی قادری، سلمان غنی، سجاد میر، نواز کھرل، علامہ عبداللہ ثاقب، خواجہ عمران نذیر، طارق محمود مغل، علامہ سید حماد علی شاہ، امجد نذیر بٹ، ایاز احمد بوبی، محمد آفتاب رانا اور سیکرٹری جنرل شیران اسلام پاکستان محمود عاصم ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

صاحبزادہ عطاالحق نقشبندی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانے، معاشی، سیاسی بحرانوں سے نجات اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے ملک میں نظام مصطفی (ص) نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر صوفیاء کرام کی تعلیمات کے فروغ کیلئے حکومت اقدامات کرئے۔ پیر کرامت علی حسین نے کہا کہ توہین رسالت اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف نوجوان ڈٹ جائیں۔ 

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری نے نوجوانوں کو ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ محدث قصوری نے کہا کہ نوجوان ایسی قوتوں سے ہوشیار رہیں جو انہیں اقتدار کے حصول کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ نواز لیگ کے رہنما طارق مغل نے کہا کہ حکمران اقتدار کو بچانے کی بجائے ملک بچانے کے لئے سنجیدہ کردار ادا کریں۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ترجمان محمد نواز کھرل نے کہا کہ امریکہ بلوچستان پر قبضہ کر کے ایران پر حملہ کرنا چاہتا ہے، ہم اس امریکی سازش کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ اگر امریکہ نے جارحیت کا ارتکاب کیا تو اس کے نتائج بہت بھیانک برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے خلاف مخصوص قوتیں پروپیگنڈہ کر رہی ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ 

علامہ حماد شاہ نے کہا کہ حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار نوجوان بلوچستان کو بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔ سیکرٹری جنرل شیران اسلام پاکستان محمود آصف ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک میں کروڑوں نوجوان غلامی رسول (ص) میں جینے مرنے کا عزم کر لیں تو ملک دشمنوں کے عزائم دفن ہو جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے نوجوانوں کو دس سال تک فی کس 20 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 146594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش