0
Thursday 22 Mar 2012 02:42

عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،جہانگیر ترین

عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،جہانگیر ترین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے، عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، آئندہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف ہی ہو گی، ضلع رحیم یار خان خاص اہمیت کا حامل ہے۔ آئندہ انتخابات میں پارٹی قیادت نے رحیم یار خان سے الیکشن لڑنے کا حکم دیا تو سرتسلیم خم کروں گا، سیاسی اسٹیبلشمنٹ تحریک انصاف سے خوفزدہ ہے جس کیخلاف دونوں بڑی جماعتیں متحد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین نے سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل رئیس ممتاز مصطفی کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد سابق وفاقی وزراء اسحاق خاکوانی اور چوہدری ظفر اقبال وڑائچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
سردار جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ان سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے قد آور سیاست دانوں نے مشترکہ طور پر سیاسی جماعتوں کی کارکردگیوں سے مایوس ہو کر شمولیت کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف زندہ جماعت ہے اور عوام سے جھوٹے وعدے نہیں بلکہ وعدوں کی تکمیل کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز رحیم یار خان سے کیا تھا اور اب اپنی مرضی سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے اور آئندہ انتخابات میں لودھراں ان کا حلقہ انتخاب ہو گا تاہم اگر پارٹی قیادت نے انہیں رحیم یار خان سے بھی الیکشن میں حصہ لینے کا حکم دیا تو وہ رحیم یار خان سے بھی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میرے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی اس ضلع کو خاص طور پر فوکس کیا ہوا ہے اور آئندہ انتخابات میں پارٹی ضلع کی ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ضلع رحیم یار خان کی بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی اسٹیبلشمنٹ جس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتیں شامل ہیں تحریک انصاف سے خوفزدہ ہیں، جس کیلئے تمام جماعتیں متحد ہو چکی ہیں تاہم آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف ہی حکمران جماعت ہو گی۔ 

قبل ازیں انہوں نے سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل رئیس ممتاز مصطفی کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کیا، ان کے ہمراہ سابق وزیر مملکت اسحاق خاکوانی، چوہدری ظفر اقبال وڑائچ، سابق صوبائی وزیر مال شوکت دائود، سابق تحصیل ناظم مخدوم علمدار حسین ہاشمی، ضلعی صدر رانا راحیل احمد، شاہد طالب اور مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 147361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش