0
Thursday 22 Mar 2012 23:49

اصغر خان کیس، عدالت میں پیش ہونے کیلئے تیار ہوں، نواز شریف

اصغر خان کیس، عدالت میں پیش ہونے کیلئے تیار ہوں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے بلایا تو عدالت میں پیش ہونے کیلئے تیار ہوں، موجودہ حکومت بھی ماضی کی آمرانہ حکومت کی روش پر چلتے ہوئے عدالتوں کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ دبئی میں میڈیا سے بات چیت اور اسلام آباد میں یوم پاکستان پر جاری ہونیوالے ایک بیان میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو عدالتوں کے فیصلوں کا احترام اور اُن پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا۔ نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستان غربت، بیروزگاری، دہشتگردی، مہنگائی اور بالخصوص قومی سلامتی کے جن گھمبیر مسائل سے دوچار ہے ان سے عہدہ برآ ہونے کے لئے اپنے اندر ایمان، یقین محکم اور تنظیم کا وہی مظاہرہ کرنا ہو گا، جس کی مثال ہمارے آباﺅ اجداد نے قیام پاکستان کی جدوجہد کے دوران پیش کی۔
 
نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کو درپیش چیلنجز اور حالات کی سنگینی کی ذمہ داری اُن آمروں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی اور اقتدار کی ہوس میں جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ نواز شریف نے کہا ہے ملک میں اب کبھی مارشل لاء نہیں لگے گا۔ عدلیہ انتظامیہ محاذ آرائی پر ریفرنڈم میں حکومت ہی قصور وار نکلے گی۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بدل رہی ہے پاکستان کو بھی بدلنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء کو جائز قرار دینے والی عدالتیں برابر کی قصور وار ہیں اور آئین توڑنے والوں کو کڑی سزا ملنی چاہیئے۔ نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے کشکول توڑا تھا جبکہ حکمران دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلا رہے ہیں۔ عدلیہ حکومت محاذ آرائی پر ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلہ پر ریفرنڈم کرا لیا جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 147535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش