0
Friday 23 Mar 2012 22:53

پارلیمنٹ کی طرف سے ممکنہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک بھر میں یوم احتجاج

پارلیمنٹ کی طرف سے ممکنہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک بھر میں یوم احتجاج
اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ کی طرف سے ممکنہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ مساجد میں علمائے کرام نے اپنے خطابات میں حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ پاکستان کے دشمن امریکہ اور نیٹو کو مسلمانوں کے قتل عام کے لیے اپنی سرزمین سے اسلحہ اور گولہ بارود کی سپلائی بحال کرنے سے گریز کرے۔ اس سلسلے میں آج منصورہ کے باہر ملتان روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد نے کی۔ مظاہرے میں کارکنوں کی بھاری تعداد موجود تھی جنہوں نے جماعت اسلامی کے پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ کارکنان نے نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف نعرہ بازی کی۔
 
لیاقت بلوچ نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے مفادات کیخلاف نیٹو سپلائی کی دوبارہ بحالی قبول نہیں کریں گے۔ آج ہمارا ملک گیر احتجاج اس سلسلے کی کڑی ہے۔ عوام کو ساتھ لے کر 27 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ایسے موقع پر نیٹو سپلائی کا امریکہ کو راستہ دے رہے ہیں جب بگرام ایئر پورٹ پر قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پوری افغان قوم سراپا احتجاج ہے۔ امریکہ دیوار کے ساتھ لگ چکا ہے اور طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے۔ مجاہدین نے امریکہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا لیکن ہمارے بے غیرت حکمران نیٹو سپلائی کے ذریعے امریکہ کو آکسیجن دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دہشتگردی کی جنگ میں ساتھ دینے پر 72 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ 42 ہزار افراد شہید ہوئے ہیں اور قبائلی علاقہ جات و بلوچستان میں آپریشن سے عوام میں فوج کیخلاف نفرت پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلالہ چیک پوسٹ حملے کے بعد کچھ قومی غیرت و حمیت کا حکمرانوں کو احساس ہوا اور نیٹو سپلائی بند کی۔ زرداری ، گیلانی اور کیانی اگر سپلائی بحال کرتے ہیں تو عوام سوال کرنے میں حق بجانب ہوں گے کہ اس فوج کو پیٹ کاٹ کر کیوں پالتے ہیں اور ٹیکسز کیوں دیتے ہیں۔
 
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قومی غیرت کا سودا ہوا تو موجودہ حکمرانوں کا حشر بھی مشرف کی طرح ہوگا او ر وہ عوام میں نہیں جاسکیں گے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے لیکن اس کے گماشتے حکمران نیٹو سپلائی بحال کرنا چاہتے ہیں۔ ہم قومی غیرت کا یہ سودا نہیں ہونے دیں گے اور افغان بھائیوں کے خون کا بھی حساب لیں گے۔
 
جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام مکنہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف مسجد بیت المکرم سے ریلی نکالی گئی جو حسن سکوائر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ اسداللہ بھٹو اور امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کا دشمن نمبر ایک ہے۔ امریکہ عراق، افغانستان اور پاکستان میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہے، سپلائی بحال کر کے اسے مزید طاقت فراہم نہ کی جائے۔ 

پشاور پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی اور شباب ملی کی طرف سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی صوبہ سرحد کے سیکرٹری اطلاعات اسراراللہ ایڈووکیٹ اور شباب ملی پشاور کے صدر شہزاد احمد نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 147755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش