0
Thursday 29 Mar 2012 20:12

سانحہ کوئٹہ افسوسناک، امریکہ لشکر جھنگوی کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے، سید رحمن شاہ

سانحہ کوئٹہ افسوسناک، امریکہ لشکر جھنگوی کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے، سید رحمن شاہ

اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید علی رحمن شاہ نے سانحہ کوئٹہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی نااہلی قراردیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں امریکہ بدامنی پھیلا رہا ہے اوراس کے گماشتے لشکر جھنگوی اور جند اللہ کے دہشت گرد بے گناہ اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ رحمن شاہ نے کہا کہ اسپنی روڈ پر6 بے گناہ شیعہ مسلمانوں کی شہادت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے لیکن ہم دشمن پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہماری تاریخ شہادتوں سے ہی رقم ہے وہ ہمیں لاشوں کے انبار اور خون کی نہروں سے نہیں ڈرا سکتا، ہم وطن کی سالمیت کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔

سید رحمن شاہ نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں امریکہ ملوث ہے جو گریٹر بلوچستان کے منصوبے پرعمل پیرا ہے اور ایران پردباؤ ڈالنے کے لئے بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے امریکہ کو کوئٹہ میں قونصل خانہ کھولنے کی اجازت نہ دے کر اچھا فیصلہ کیا ہے لیکن وہاں قائم سی آئی اے کے بیس کیمپ کو فوری طور پر ختم کروایا جائے۔ انہوں نے سانحہ کوئٹہ پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے کوئٹہ کے خانوادوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی نااہلی کا نتیجہ ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ اسی جگہ پر جہاں آج یہ واقعہ وقوع پذیر ہوا ہے پہلے واقعات بھی اسی جگہ پر ہوئے ہیں جن میں متعدد مومین شہید ہو چکے ہیں لیکن بلوچستان حکومت اس علاقہ میں ہی چھپے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کر سکی ہے نہ ہی ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جائے اور یہاں پناہ گزین لشکر جھنگوی اور جند اللہ کے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

رحمن شاہ نے کہا کہ ہماری حب الوطنی اورشرافت کو بزدلی سمجھا جا رہا ہے لیکن اب ہم حکومتی ایوان میں پہنچ کر شیعہ دشمنی کے خلاف آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کواس دردناک سانحہ پر فوری طور پر معزول ہو جانا چاہیے۔ رحمن شاہ نے کہا کہ اس سانحہ کی ذمہ داری وزیر داخلہ رحمن ملک پر بھی عائد ہوتی ہے جو شدت پسندوں کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر رحمن ملک کو وزارت چھوڑ دینی چاہیے کیوں کہ ملک میں کہیں بھی امن قائم نہیں ہوسکا۔

خبر کا کوڈ : 149030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش