0
Friday 30 Mar 2012 18:50

بھارت نے کالا باغ ڈیم منصوبہ رکوانے کیلئے 15 ارب روپے خرچ کئے، حاجی حنیف طیب

بھارت نے کالا باغ ڈیم منصوبہ رکوانے کیلئے 15 ارب روپے خرچ کئے، حاجی حنیف طیب
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام اذیت ناک لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں بے لگام لوڈشیڈنگ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے جنگی بنیادوں پر ہنگامی اقدامات کرے، نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے، یوم احتجاج کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے ملک کا بھٹہ بٹھا دیا ہے اور ملک کی جڑوں کو ہلا دیا ہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ماضی اور حال کی حکومتوں کی غلط حکمت عملیوں کی وجہ سے وسائل سے مالا مال پاکستان اندھیروں میں ڈوب گیا ہے، یوم احتجاج کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگیوں میں زہر گھول دیا ہے اور 60فیصد صنعتیں بند ہو چکی ہیں۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہوئے پندرہ ارب اینٹی کالا باغ لابی پر خرچ کر رہا ہے جبکہ یہ ڈیم ملکی بقاء کا ضامن ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شدید بحران نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تھر میں موجود کوئلہ کے ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو شروع کرنے کے لیے فنڈز فراہم کرے، لوڈشیڈنگ کے خلاف منائے جانے والے یوم احتجاج کے سلسلہ میں لاہور میں اتفاق مسجد میں علامہ سید ریاض حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم حکمرانوں کے نعروں، وعدوں اور دعووں سے تنگ آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اذیت ناک لوڈشیڈنگ نے قوم کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، یوم احتجاج کے موقع پر لاہور میں المرکز الاسلامی شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان، محافظ ٹاؤن میں پیر محمد اطہر القادری، گلبرگ میں مولانا قاری مختار احمد صدیقی، مغلپورہ میں صاحبزادہ سید صابر گردیزی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 149176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش