0
Saturday 31 Mar 2012 15:23

کراچی، ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان

کراچی، ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پر تشدد کارروائیوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے آج پرامن یوم سوگ کی اپیل کی گئی۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن 40 سالہ صلاح الدین کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی۔ اس کے علاوہ کورنگی کراسنگ پر نامعلوم شرپسندوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی جس کے دوران ڈرائیور جھلس گیا۔ علی الصبح فائرنگ کے واقعات کورنگی نمبر 6، اورنگی ٹاؤن علی گڑھ بازار اور گلبہار میں پیش آئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس پل کے قریب موٹر سائیکل اور کار سوار افراد پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں 4 افراد دوران علاج دم توڑ گئے جن میں وسیم اور اس کا بیٹا احسن بھی شامل ہیں۔

بنارس واقعے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہوگئے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں اورنگی 10 نمبر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ یوپی موڑ پر نامعلوم مسلح افراد نے خان کوچ کے ڈرائیور کو قتل کردیا۔ ڈیفنس فیز ٹو میں پیٹرول پمپ پر مسلح ملزمان نے گاڑی نمبر اے ایل اے 097 پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار کا ڈرائیور ذوہیب جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے آج پرامن یوم سوگ اور دکانداروں اور تاجروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں میں گزشتہ رات سے اب تک ہونے والے تمام واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ظلم جبر، زیادتی کی پہلے بھی مذمت کی تھی اور آئندہ بھی کریں گے۔ دہشت گردی کسی بھی صورت میں ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔ بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے باچا خان مرکز سمیت شہر بھر میں پارٹی دفاتر اور کارکنان کے گھروں پر چھاپوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی گرفتاری کیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹس کی روشنی میں کراچی کا امن تباہ کرنے والے اصل ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے۔

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سے کوئی قومیت، جماعت، طبقہ محفوظ نہیں شہر بھر میں قائم نو گو ایریاز کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے سخت ترین آپریشن کیا۔ اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں ہم پر بے جا الزام تراشیاں انتہائی شرمناک ہیں۔ شہر کی موجودہ صورت حال انتہائی ذمہ دارانہ طرز عمل کی متقاضی ہے۔ پارٹی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے باوجود کسی قسم الزام تراشیوں گریز کر رہے ہیں۔

اس ساری صورتحال کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے آج وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے چیف منسٹر ہاوس میں ملاقات کی۔ انہوں نے صوبہ سندھ باالخصوص کراچی شہر میں موجودہ امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اپنے فرائض خلوص و تندہی سے سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے مجرموں اور شرپسندوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں ماحول کو جلد پر امن طور پر بحال کردیا گیا۔


وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز پر زور دیا کہ مجرموں اور شرپسندوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے جو کراچی کے امن کو تباہ کررہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کی معاشی اور سماجی زندگی مفلوج اورمتاثر ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے امید ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدد مربوط کوششوں اور موثر اقدامات سے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو پر امن ماحول میں احسن طریقے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گشت کو یقینی بنائیں اور متاثرہ علاقوں میں شرپسند عناصر اور مجرموں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
خبر کا کوڈ : 149329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش