0
Saturday 14 Apr 2012 15:07

حکومت اور عدلیہ انتخابی فہرستوں میں ہونیوالی بے قاعدگی کا نوٹس لے، محمد حسین محنتی

حکومت اور عدلیہ انتخابی فہرستوں میں ہونیوالی بے قاعدگی کا نوٹس لے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کو ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے، جعلی انتخابی فہرستوں کے خلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ حکومت اور عدلیہ انتخابی فہرستوں میں ہونے والی بے قاعدگی کا نوٹس لے، لسٹیں درست نہ ہوئیں تو ہم اسلام آباد تک جائیں گے اور لسٹوں کی درستی تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ووٹر لسٹوں میں ہونے والی بے قاعدگی اور بے ضابطگی کے خلاف الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر جماعت اسلامی کراچی کے تحت مذہبی و سیاسی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما سلیم ضیاء، عرفان اللہ مروت، نہال ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر صدیق راٹھور، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی لئیق احمد خان، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء ڈاکٹر عبدالواسع شاکر، حافظ نعیم الرحمن، نصراللہ خان شجیع، ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مظاہرے میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ووٹر لسٹوں میں ہونے والی بے قاعدگی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی میں ایک طویل عرصے سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے اب ایک نیا تماشا شروع کردیا گیا ہے ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگی کے ذریعے انتخابی نتائج بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں جس بڑے پیمانے پر بے قاعدگی کی گئی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ہم نے ہر موقع پر الیکشن کمیشن کو باخبر کیا کہ انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کی گئی ہے مگر صوبائی چیف الیکشن کمشنر نے کوئی توجہ نہ دی کراچی میں لاکھوں افراد کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے ان کے ووٹ مستقل پتوں پر ڈال دئیے گئے ہیں ہم ایسی انتخابی فہرستوں کو مسترد کرتے ہیں جس میں اہل کراچی کو ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات جمہوریت کی روح ہوتے ہیں مگر جب انتخابی فہرستوں کی تیاری میں ہی دھاندلی ہو تو شفاف انتخابات کا انعقاد کیسے ہوگا؟ اور عوام کے حقیقی نمائندے کیسے منتخب ہوں گے حکومت اور عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹیں درست نہ کی گئیں تو انتخابی عمل نہیں ہوسکے گا اور بدامنی ہوگی۔ الیکشن کمیشن اور نادرا دھاندلی پر مبنی انتخابات کرانا چاہتا ہے عوام اس کو قبول نہیں کریں گے۔ ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ضرورت پڑی تو اسلام آباد بھی جائیں گے تمام جماعتیں متحد ہیں۔
خبر کا کوڈ : 153208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش