0
Thursday 19 Nov 2009 13:39

حامد کرزئی نے دوسری مدت کیلئے صدارت کا حلف اٹھا لیا

حامد کرزئی نے دوسری مدت کیلئے صدارت کا حلف اٹھا لیا

کابل:حامد کرزئی نے آج دوسری بار افغانستان کی صدارت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں صدر آصف زرداری اور امریکا کی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت 42 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔افغانستان بمشکل مگر دو بارہ صدر بننے میں کامیاب حامد کرزئی کی حلف برداری کا جشن منا رہا ہے۔طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے کرزئی کی صدارت کا آج سے دوسرا دور شروع ہوا اور لوگوں کو ایک بار پھر ان سے توقعات ہیں۔کابل کے شہریوں کی خواہش ہے کہ صدر کرزئی کرپشن کے خاتمے،ملک میں امن کے قیام،غریبوں کی حالت بہتر بنانے کا اعلان کریں۔حلف برداری سے پہلے حامد کرزئی نے شب مہمانوں کو خوش آمدید کہنے میں گزاری۔ واضح رہے کہ آصف زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں کرزئی کی موجودگی نے کئی لوگوں کو حیران کیا تھا۔ کرزئی نے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے بھی ملاقات کی۔وہ اس ملک کے صدر کی حلف برداری میں آئی ہیں جہاں سیکیورٹی کی صورتحال مخدوش اور وہاں مزید فوج بھیجنے کا متنازعہ امریکی فیصلہ جلد متوقع ہے۔اگست کے صدارتی الیکشن میں کھلی دھاندلی کے بعد کرزئی کو فراڈ کا داغ دھونے اور دنیا کو یہ باور کرانے میں ڈھائی ماہ لگے کہ عوام نے انہی کو منتخب کیا ہے۔رن آف الیکشن کابائیکاٹ کرنیوالے عبد اللہ عبد اللہ کو کرزئی سے توقعات ہی نہیں۔حلف برداری کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت،ملک میں عام تعطیل اور کابل تقریبا سیل ہے۔یہاں انتخابات عالمی برادری کی نظر میں متنازعہ سہی مگر سنگ میل سمجھے گئے ہیں۔مبصرین کہتے ہیں کہ اب دیکھنا یہ ہو گا کہ انتخابات سے پہلے طالبان کو مذاکرات کی دعوت دینے والے کرزئی حلف اٹھانے کے بعد کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔
 حامد کرزئی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے صدر زرداری کابل پہنچ گئے
کابل:صدر آصف علی زرداری نے بدھ کو صدارتی محل میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ افغان صدارتی محل کے ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے افغان ہم منصب کو دوسری مدت کیلئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کے دوسرے دور حکومت میں بھی دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے دونوں ممالک کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا ملکر مقابلہ کیا جائیگا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر ہے،القاعدہ اور طالبان شدت پسندوں کے خلاف کامیابی کیلئے دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی بحالی،خفیہ معلومات کا تبادلہ اعلیٰ سطح پر روابط اور مشاورت انتہائی ناگزیر ہے،افغان صدر حامد کرزئی نے صدر زرداری کی ان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کیلئے آمد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے جن امور پر اختلاف رائے ہے ان کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا، ون آن ون ملاقات تقریباً ایک گھنٹے جاری رہی۔

خبر کا کوڈ : 15354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش