0
Tuesday 24 Apr 2012 15:27

حکومت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، شکیل قادری

حکومت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، شکیل قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماء محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ حکومت ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے نت نئے طریقے استعمال کررہی ہے جو آئین، قانون اور جمہوری قدروں کے منافی عمل ہے، ہم پہلے دن سے ہی کہتے آرہے ہیں ٹارگٹ کلرز کسی بھی صف میں موجود ہوں ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے مگر افسوس ایسا نہیں ہوا آج بھی کلرز سرکاری سرپرستی میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ ایک ہفتے میں پاکستان سنی تحریک کے 4 کارکنوں کو دہشتگردوں نے قتل کردیا مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور نہ ہی قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مثبت طریقہ کار اپنایا گیا۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اورنگی ساڑے گیارہ نمبر میں گزشتہ رات دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سنی تحریک کے کارکن شمشاد قادری کی نماز جنازہ کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شکیل قادری نے کارکنان کے پے درپے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے صبر کا امتحان نہ لے اگر ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان پر امن رہیں اور اپنی پر امن پالیسی سے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملادیں۔ دہشتگرد دنیا کے قانون سے تو بچ سکتے ہیں مگر اللہ عزوجل کے عذاب سے کسی صورت نہیں بچ سکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر میں قتل و غارتگری، عوام کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سب اچھی طرح جانتے ہیں نہ جانے ان دہشتگردوں کو کیوں گرفتار نہیں کیا جارہا اگر حکومت نے انہیں دہشتگردی کا سرٹیفیکٹ دے دیا ہے تو بتادے پھر عوام ان سے خود نمٹ لیں گے۔ عوام کو اتنا مجبور نہ کیا جائے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے لگیں۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی میں حکومت میں شامل جماعتوں کو شامل کیا گیا ہے جو درجنوں اجلاس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کو روکنے اور کلرز کی گرفتاری میں بے بس نظرآرہے ہیں، کور کمیٹی میں کراچی کی ان اسٹیک ہولڈر جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے جو کراچی میں اپنا بھرپور اثر رکھتی ہیں۔ شکیل قادری نے گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان سنی تحریک کے کارکنان کے پے درپے قتل کا فی الفور نوٹس لے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 156183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش