0
Sunday 29 Apr 2012 17:49

سزا یافتہ مجرم کا ڈھٹائی سے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہنا دنیا میں انوکھی اور شرمناک مثال ہے، منور حسن

سزا یافتہ مجرم کا ڈھٹائی سے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہنا دنیا میں انوکھی اور شرمناک مثال ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ سزا یافتہ مجرم کا ڈھٹائی سے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہنا دنیا میں انوکھی اور شرمناک مثال ہے، یوسف رضا گیلانی رہی سہی عزت خاک میں ملانے کے بجائے مستعفی ہوکرملک میں انتخابات کا اعلان کردیں، اب وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے فیصلوں کی کوئی آئینی حیثیت ہے اور نہ ہی کوئی ان کو ماننے کا پابند ہے، عدلیہ کے فیصلوں کا مذاق اڑانا اور ان کی تضحیک کرنا پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے چار روزہ دورے سے واپسی پر منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 
منور حسن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے آئین سے وفاداری اور اس کے تحفظ کے دعوے مضحکہ خیز ہیں، چار سال تک سپریم کورٹ کے فیصلوں کا تمسخر اڑانے والے شخص کو آئین کی بالادستی کے دعوے زیب نہیں دیتے، ملک کو موجودہ بحرانوں کا شکار کرنے میں ن لیگ برابر کی شریک ہے، بلوچستان کے عوام دیگر صوبوں کی طرح محب وطن ہیں وہاں کوئی علیحدگی کی تحریک نہیں لیکن حکمرانوں کی بار بار کی وعدہ خلافیوں نے ان کو سخت مایوس کیا ہے، آئندہ انتخابات میں عوام بار بار ڈسنے والوں کے دھوکے میں نہ آئیں اور ملکی سلامتی اور بقاء کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ ملک اس وقت عملاً کسی حکومت کے بغیر چل رہا ہے اور یہ صورتحال مزید برقرار رہی تو انتشار اور انارکی بڑھے گی، یوسف رضا گیلانی ملک پر نہیں تو اپنے آپ پر رحم کھائیں اور ڈھٹائی چھوڑ کر ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرلیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اب زیادہ دیر چلنے والی نہیں، اس سے پہلے کہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر جمع ہو کر یوسف رضا گیلانی سے استعفی ٰ مانگیں انہیں خود ہی سربراہ حکومت کا منصب چھوڑ دینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے مجرم کو نہ صرف اسمبلی میں داخل ہونے کا مو قع دیا بلکہ واک آئوٹ کر کے کھل کھیلنے کیلئے پیپلز پارٹی کیلئے میدان صاف کردیا۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ قوم ملکی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ چاہتی ہے تو اسے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈبنک کے قرضوں کے چنگل میں پھنسا کر امریکی غلامی میں دینے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔ جس کو عوام نے بار بار آزمایا ہے، انہوں نے کہا کہ عین اس وقت جب پیپلز پارٹی کی حکومت جارہی ہے زرداری کی طرف سے دوسال کیلئے کالے دھن کو سفید کرنے کے آرڈیننس کا اجراء لوٹی گئی قومی دولت کو ہضم کرنے اور وزراء کی لوٹ مار کو تحفظ دینے کیلئے ہے۔

جن لوگوں نے چار سال تک حرام کا مال اکٹھا کیا انہیں ثبوت ختم کرنے اور مزید لوٹ کھسوٹ کا موقع دیا جارہا ہے، سید منور حسن نے کہا کہ وزیر خارجہ کا امریکہ کی طرف سے ڈرون حملے نہ روکنے کا رونا رونا عذر گناہ بدتراز گناہ کے مترادف ہے، امریکی احکامات پر پورے ملک کو میدان جنگ بنا کر 40ہزار معصوم لوگوں کا قتل عام کرنے والے ٹسوے بہا کر قوم کو دھوکہ دے سکتے ہیں نہ اپنے ہاتھوں پر لگے خون کو دھو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 157479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش