0
Tuesday 1 May 2012 00:24

بلوچستان میں فائرنگ اور دھماکے، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان میں فائرنگ اور دھماکے، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ اور اندرون بلوچستان فائرنگ اور بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے لوٹی میں نامعلوم افراد نے امن فورس کے کیمپ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خان بخش جاں بحق اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، اس کے علاوہ لوٹی میں محمد علی نامی شخص اور اسکا بیٹا نواز پیدل جارہے تھے کہ ان کا پاؤں بارودی سرنگ پر آگیا۔ جس کی وجہ سے دونوں شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثناء قلعہ سیف اللہ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص گل محمد عرف گولو جاں بحق جبکہ رحمت اللہ بلوچ خان، اسد خان، اکبر خان اور سید محمد علی زخمی ہوگئے۔
 
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تصادم پر قابو پالیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تصادم کی وجہ دیرینہ رنجش بتائی جاتی ہے، چمن مہران روڈ پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ایک شخص اعظم پانیزئی کو قتل کردیا، لوگوں کے جمع ہونے پر حملہ آور فرار ہوگئے، موقع پر موجود افراد نے لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ پشین میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بلوچ خان اور سعید احمد کو زخمی کردیا، جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ 

کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ سے لاپتہ ہونے والا نوجوان بلیلی کے علاقے سے زخمی حالت میں بازیاب ہوگیا۔ جبکہ بلوچستان کے سرحدی علاقے کشمور سے ایک چوکیدار میر الدین کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ خضدار میں نامعلوم افراد نے کلینک سے متصل لیبارٹری کو آگ لگا دی۔ اسکے علاوہ منگوچر میں بھی سنگ مرمر لے جانے والے دو ٹرکوں کو نامعلوم افراد نے جلا ڈالا۔ ژوب کے مرغہ کبزئی روڈ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے دو افراد طور گل اور فیروز کو شدید زخمی کردیا، جنہیں شدید زخمی حالت میں کوئٹہ ہسپتال لایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 157916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش