0
Monday 14 May 2012 23:45

بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان کا قوی امکان

بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان کا قوی امکان
اسلام ٹائمز۔ امسال ماہ ستمبر یا اکتوبر میں بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے، جس کے دوران جموں و کشمیر سے سے متعلق حساس معاملات کو سلجھانے میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے جبکہ سیاچن، سرکریک، دہشت گردی اور تنازعہ آب کو حل کرنے کیلئے بھی دونوں ملکوں کے درمیان تجاویز کا تبادلہ ہو سکتا ہے، بھارت نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد اور حد متارکہ کے نزدیک تعینات اپنی فوج کو مقام امن پر واپس لانے کا فیصلہ لے لیا ہے، جس کا باضابطہ طور اعلان وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے دوران کیا جاسکتا ہے، رواں سال ماہ ستمبر یا اکتوبر میں بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اہم دورے پر پاکستان جارہے ہیں، جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اور پیچیدہ تنازعات بشمول مسئلہ کشمیر، سیاچن، سرکریک، دہشت گردی اور تنازعہ آب پر اہم مذاکرات میں چند ایک مسائل اور تنازعات پر پیش رفت کا امکان ہے۔
 
نئی دہلی میں حکومتی ذرائع نے وزیر اعظم کے امسال دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال کے آخری عشرہ میں ڈاکٹر من موہن سنگھ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کی دعوت انہیں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے ایک روزہ دورہ نئی دہلی اور اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے بھی دی تھی، واضح رہے آصف زرداری کے ساتھ نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات کے دوران ڈاکٹر من موہن سنگھ نے واضح کیا تھا کہ اگر ان کے دورہ پاکستان کے دوران کوئی اہم پیش رفت ہوتی ہے تو وہ ضرور وہاں کا دورہ کریں گے، نئی دہلی میں دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ ممبئی دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد بالخصوص جموں وکشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک بڑی تعداد میں اپنی فوج کو تعینات کردیا تھا لیکن اب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری اور اعتماد میں اضافہ ہونے کے باعث بھارت نے ان افواج کو مقام امن پر واپس بلانے کا فیصلہ لے لیا ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ اعلان وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان کے دوران کیا جائے گا۔

نئی دہلی اور اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مختلف نوعیت کے دو طرفہ تنازعات یا مسائل کے حل کے سلسلے میں درپردہ چینلوں کے ذریعے ہونے والے مذاکرات کافی حد تک سود مند ثابت ہوئے ہیں اور بیک ڈور چینل کے مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی ایک دیرینہ تنازعات یا مسائل کے مرحلہ وار حل ہونے کی امید نظر آرہی ہے، سفارتی ذرائع اور وزارت خارجہ کے حکام نے وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے امسال ماہ ستمبر یا اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنے کو دونوں ملکوں کے تعلقات کیلئے ایک نئی تاریخ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر سنگھ کے دورہ پاکستان کے دوران مسئلہ کشمیر، سیاچن اور دہشت گردی سمیت دیگر کئی مسائل اور تنازعات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہونے کا قوی امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 161942
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش