0
Thursday 17 May 2012 00:14

بھارت نواز پارٹیاں آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، سید علی گیلانی

بھارت نواز پارٹیاں آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ ہند نواز پارٹیوں کو آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے واضح کیا ہے کہ بھارت کشمیر میں اُن ہی لوگوں کی وجہ سے ٹکا ہوا ہے جو اس کے اقتدارِ اعلیٰ کو تسلیم کرتے ہوئے محض کرسی کے حصول کیلئے سیاست کرتے ہیں اور جو کسی اخلاق یا اصول کے پابند نہیں، حریت نے کہا کہ ان لوگوں کا مسئلہ کشمیر یا آزادی پسندوں کا نام لینا محض ان کی ووٹ بنک سیاست ہے اور یہ سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے کھوکھلے نعروں اور دعووں کا سہارا لیتے ہیں، پی ڈی پی سرپرست مفتی محمد سعید کی لنگیٹ میں کی گئی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے حریت لیڈر نے کہا کہ موصوف کو آزادی پسندوں کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں تو پھر وہ پاور پالٹیکس کو خیرباد کہہ کر بھارت کے فوجی قبضے کو چلینج کیوں نہیں کرتے؟ اور کُھلے عام اس رول کیلئے معافی کیوں نہیں مانگتے جو انہوں نے بھارت کے ہوم منسٹر کی حیثیت سے نبھایا ہے؟ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فاروق عبداﷲ، مفتی سعید، عمر عبداﷲ اور غلام نبی آزاد میں کوئی فرق مراتب نہیں ہے، ان سب کو اقتدار کا چسکہ لگا ہوا ہے اور اس کے حصول کیلئے یہ اپنے ضمیر کی لاش کو کندھوں پر اٹھاکر کشمیریوں کے قومی کاز کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ بھارت کے کشمیر پر جبری قبضے میں پُل کا کام کررہے ہیں اور کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے میں یہ سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حریت رہنماء نے کہا کہ کشمیری قوم کی بھاری اکثریت جذبہ آزادی سے سرشار ہے اور ہند نواز لوگ اپنا ووٹ بینک بڑھانے کیلئے اس جذبے کو کیش کرنا چاہتے ہیں، اس مقصد کیلئے کبھی نیشنل کانفرنس مسئلہ کشمیر کی گردان کرتی ہے اور کبھی مفتی سعید اس راگ کو اپنی سُرتال میں الاپتے ہیں، بیان میں کہا گیا کہ ان میں سے جو بھی اقتدار کی کُرسی تک پہنچ جاتا ہے وہ اپنی مظلوم قوم پر مظالم ڈھانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتا ہے، فاروق عبداﷲ نے اگر ٹاسک فورس تشکیل دے دی تو مفتی سعید نے اس کو کارگو سے نکال کر تمام پولیس اسٹیشنوں تک پھیلادیا، نیشنل کانفرنس اگر کشمیریوں کے غلامی کے شکنجے میں آنے کی ذمہ دار ہے تو پی ڈی پی قیادت اس کو مضبوط بنانے میں برابر کی شریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 162536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش