0
Tuesday 15 May 2012 23:42

کشمیری آزادی پسندوں سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، مفتی محمد سعید

کشمیری آزادی پسندوں سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، مفتی محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے آزادی پسندوں سے کوئی اختلاف نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہم حریت پسندوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، انہوں نے مخلوط سرکار کو مفاد خصوصی رکھنے والے کچھ افراد کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل سرکار کے غلط اقدامات کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، کرپشن کے خلاف ہمہ گیر مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پی ڈی پی کے سرپرست نے کہا کہ موجودہ سرکار نے بے ضابطگیوں اور خرد برد کو ادارتی شکل دے دی ہے، سڑکوں کی پیوند کاری کو ترقی اور چند بینکروں کے انہدام کو بحال امن قرار دیا جارہا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ کے قصبہ کرالہ گنڈ میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا کہ پی ڈی پی کا آزادی پسندوں سے کوئی اختلاف نہیں، وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور ہم اپنے طریقے سے ریاستی عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
 
مفتی محمد سعید نے کہا کہ پی ڈی پی علیحدگی پسند لیڈران بشمول حریت کانفرنس کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی، جو لوگ آزادی کی لڑائی لڑ رہے ہیں ہم ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے، تاہم مفتی محمد سعید نے علیحدگی پسند لیڈر شپ کو مذاکرات کی راہ پر کاربند رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دو دہائیوں سے جاری ملی ٹنسی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی پالیسی اور مشن کا مقصد عوام میں تحفظ اور اعتماد کو بحال کرنا ہے، سابق وزیر اعلیٰ نے نیشنل، کانگریس پر مشتمل مخلوط سرکار پر الزام لگایا کہ موجودہ سرکار مفاد پرست افراد کا ایک ٹولہ بن کر رہ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی سربراہی والی سرکار کی نا اہل حکومت سازی کے نتیجے میں پبلک سروس اور ریاست کے ذرائع پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
 
انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ سرکار کے غلط اقدامات کے نتیجے میں خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، اس لئے عوام کو موجودہ سرکار کی طرف سے کرپشن اور بے ضابطگیوں کو ادارتی شکل دینے کے خلاف ہمہ گیر مہم شروع کر دینی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 162282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش