0
Monday 28 May 2012 23:15

پانی اور کوئلے سے بجلی و گیس پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے جائیں، لیاقت بلوچ

پانی اور کوئلے سے بجلی و گیس پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے جائیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 6 ماہ کے اندر بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ختم اور ایک سال میں ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل ملز، او جی ڈی سمیت تمام اداروں کو خسارے سے نکال ان کے پاؤں پر کھڑا کر دے گی، موجودہ حکومت کے دور میں جی ڈی پی میں اضافہ ہو سکا نہ کرپشن کنگز کی موجودگی کے باعث مطلوبہ سرمایہ کاری ہوئی، تیل، گیس اور بجلی سمیت ضروریات زندگی کی قیمتوں میں مسلسل اور ناقابل برداشت اضافہ ہوا، غیر ترقیاتی اخراجات بڑھے اور ترقی کا پہیہ جام ہوا۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان کی فراہمی میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے عوام ذہنی و اعصابی امراض کا شکار ہوئے اور پرتشدد واقعات اور اجتماعی خود کشیوں میں اضافہ ہوا اور عورتیں عصمت فروشی کے دھندے پر مجبور ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ 64 سالہ ملکی تاریخ میں اس سال جی ڈی پی کم ترین سطح پر ہے، اشیائے صرف اور تیل کی قیمتیں عالمی منڈی سے کہیں زیادہ ہیں، مسلسل نوٹ چھاپنے سے بنک دیوالیہ ہو رہے ہیں اور ہر تین ماہ بعد سٹاک ایکسچینج بیٹھ جاتی ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر سی بی آر اور جماعت اسلامی کی معیشت کے بارے میں قائم کمیٹی کے چیئرمین سرفراز احمد خان کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں بجٹ تجاویز کے سلسلہ میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ظفر جمال بلوچ، نذیر احمد جنجوعہ، امیر العظیم، وقار ندیم وڑائچ، خالد عثمان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد انور نیازی بھی موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جعلی اعداد و شمار سے معاشی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے اور 90 فیصد عوام براہ راست اس تباہی سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 63 فیصد ملکی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور اور 45 فیصد بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہے جس میں 25 فیصد نوجوان ہیں، حکمرانوں کی کرپشن نے پورے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، حکومت نے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر چلتے ہوئے پانچ سال پورے کرنے کے لیے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا ہوا ہے جس کی وجہ سے امریکی مداخلت بڑھی اور غیر ملکی ڈکٹیشن سے ملکی سلامتی، خود مختاری اور قومی وقار کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، ملکی سلامتی اور بقا کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان سمیت تمام بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر مہیا کریں گے اور صرف ایک سال کے مختصر عرصے میں پاکستان کو اس کے پاؤں پر کھڑا کر کے عالمی برادری میں اس کا وقار بحال کر دیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ترکی جو چند سال قبل تک یورپی یونین کی رکنیت کے لیے یورپ کے سامنے بھکاری بنا ہوا تھا، آج ایماندار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کی وجہ سے ترقی میں یورپ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے اور اب اسے یورپی یونین کی رکنیت کی کوئی حاجت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے عوام جماعت اسلامی کو ایک موقع دیں تو ملک و قوم کے دلدر دور کر کے ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس اہل اور دیانتدار افراد کی ٹیم موجود ہے جو ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد خان نے کہا کہ ہم ٹیکس کی شرح کو کم ترین لیول پر لا کر ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور ہر فرد خوشی سے ٹیکس ادا کرے گا، حکومت نے ٹیکسوں کی شرح میں بے پناہ اضافہ کر کے اور ان ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدن کو کرپشن اور ذاتی اللوں تللوں پر خرچ کر کے لوگوں کو سخت مایوس اور متنفر کیا ہے، لوگوں کو ان کے خون پسینے کی کمائی سے محروم کر کے اس کے بدلے انہیں کوئی سہولت نہیں دی جاتی، لوگوں کو صحت، تعلیم اور روزگار کی سہولتیں میسر نہیں اور بجلی، تیل، گیس اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں آئے دن اضافے سے مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 166406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش