0
Wednesday 13 Jun 2012 02:47

بھتہ خور دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے، ایم کیو ایم

بھتہ خور دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سابق رکن سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم الیکشن سیل کے رکن سید شاکر علی کے بھائی سید قرار علی کو شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ نہ دینے کی پاداش میں فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل اور سید ذاکر علی کو زخمی کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کی مذموم سرگرمیوں کو لگام نہ دی گئی تو عوام و کارکنان اور کاروباری حضرات کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو سکتا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اس سے قبل بھی جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گرد شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں کھلی بربریت کا مظاہرہ کرکے کئی تاجروں کو فائرنگ کرکے سفاکانہ طریقے سے قتل کر چکے ہیں اور آج سابق رکن سندھ اسمبلی شاکر علی کے بھائیوں کو جرائم پیشہ عناصر نے دیدہ دلیری کے ساتھ فائرنگ کرکے ہلاک و زخمی کر دیا۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کو شہر میں قتل و غارتگری، بھتہ خوری، لوٹ مار کا لائسنس ملا ہوا ہے، شہر کراچی کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دینا گھناؤنی سازش کا حصہ ہے، جس کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں کراچی کا امن غارت اور بے گناہ لوگوں کو قتل غارت گری کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتیں کرائی جارہی ہیں اور شہر کو مفلوج کرکے ملک کی سالمیت داؤ پر لگائی جارہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل قتل و غارتگری، غنڈہ گردی، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں جس شدت کے ساتھ کی جا رہی ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے خلاف کیا جانے والا آپریشن ڈرامہ تھا اور آج بھی انہیں سازشی عناصر کی سرپرستی حاصل ہے۔

رابطہ کمیٹی نے جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کو متنبہ کیا کہ وہ سازشی عناصر کی سرپرستی، اسلحہ اور طاقت کے غرور میں مبتلا ہوکر فرعونیت کا مظاہرہ نہ کریں اور شہر کراچی کے عوام کو چین سے جینے دیں اگر جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں نے شہر میں جاری اپنی مذموم اور سفاکانہ کارروائیاں بند نہ کیں تو ایم کیو ایم کی جانب سے صبر کی اپیلوں پر بھی عوام کان دھرنا چھوڑ دیں گے، جس کے بعد جرائم پیشہ پاتال میں بھی اپنے عبرتناک انجام سے محفوظ نہیں رہ سکتے۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان و عوام سے اپیل کی کہ وہ قتل و غارتگری کے واقعات پرمشتعل نہ ہوں اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ رابطہ کمیٹی نے قرار علی کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کی مغفرت اور زخمی سید ذاکر علی کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 170724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش