0
Wednesday 13 Jun 2012 03:55

حکومت مصلحت پسندی کے لبادے سے باہر نکل کر عوام کو تحفظ فراہم کرے، ثروت اعجاز قادری

حکومت مصلحت پسندی کے لبادے سے باہر نکل کر عوام کو تحفظ فراہم کرے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں، تاجروں کو بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اغواء، قتل و غارتگری سمیت دیگر جرائم میں اضافہ تشویشناک حد تک پہنچ چکا ہے۔ حکومتی ادارے صرف بلند بانگ دعوؤں سے کام چلا رہے ہیں، عملی اقدامات دور تک دیکھنے میں نہیں آ رہے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ورکرز اور بے گناہ عوام و تاجروں کا اغواء اور قتل معمول بن چکا ہے اور ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا جو ایک سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں، شہریوں کے اغواء اور قتل و غارتگری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں حکومتی عملی اقدامات نہ ہونے کے سبب مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگ گئے ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جب عوام اپنے آپ کو عدم تحفظ کا شکار سمجھنے لگیں اور حکومت بے بس ہو تو ایسے میں حالات بہتری کی بجائے خرابی کی طرف جاتے ہیں۔ تاجر برادری کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ حکومتی بے بسی و ناکامی کی وجہ سے کررہی ہے۔ جمہوریت کے دعویدار حکمران جب عوام کو تحفظ نہیں دیں گے تو پھر وہ فوج کی طرف ہی دیکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مصلحت پسندی اور مفادات کے لبادے سے باہر نکل کر عوام کو تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کرے اور عوام اور تاجروں میں پائی جانے والی مایوسی و بے چینی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ بھتہ مافیا ٹارگٹ کلرز کے خلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری قدروں کو فروغ دیتے ہوئے کراچی کے ہر فرد کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرے مایوسی کو ختم اور شہر کی روشنیوں کو بحال کیا جائے۔ دریں اثناء سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے بدھ کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن طور پر کاروبار بند کرکے اپنا جمہوری، آئینی حق ادا کرتے ہوئے شہر کے قیام امن کی کوششوں کا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 170740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش