0
Friday 22 Jun 2012 19:40

قرآن و سنت کانفرنس ظلم کیخلاف اور اتحاد بین المسلمین کیلئے مؤثر آواز ثابت ہوگی، علامہ ہاشم موسوی

قرآن و سنت کانفرنس ظلم کیخلاف اور اتحاد بین المسلمین کیلئے مؤثر آواز ثابت ہوگی، علامہ ہاشم موسوی
اسلام ٹائمز۔ امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے کوئٹہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندگی اور اطاعت الہٰی کے بہترین موسم، ماہ مبارک شعبان، کی آمد خدا کی خاص نعمت ہے۔ یہ مہینہ رسول اسلام حضرت محمد ص کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں انسان کو ماہ مبارک رمضان (ضیافت الہٰی) کیلئے تیاری کا بہترین موقع ملتا ہے۔ اس مبارک مہینے میں روزہ رکھنا گناہوں کی بخشش، اخلاق حسنہ اور قرب الہٰی کا بہترین وسیلہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حالیہ صورتحال کو عدل و انصاف سے دور قرار دیا اور کہا کہ عدل و انصاف کے نہ ہونے کی وجہ سے ملک ابتری اور بدحالی کا شکار ہے۔ 

انہوں نے اس سلسلے میں حکومتی اداروں اور سیاسی شخصیات کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ عدلیہ کے مؤثر نہ ہونے کی وجہ سے دشمنان دین اور عالمی سامراج کے کارندے شیعہ، سنی مسلمانوں کے درمیان خانہ جنگی کی فضاء پیدا کر رہے ہیں۔ ایک جانب بے گناہ طالب علموں کی بس پر خودکش حملہ اور دوسری طرف غوث آباد میں دینی تبلیغی مرکز میں بم دھماکہ کیا جاتا ہے۔ جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ تاکہ یہ تاثر دیا جائے کہ یہ مذہبی قوتوں کا کام ہے، جبکہ معاملہ دشمنان اسلام، دشمنان پاکستان کے ہاتھوں خراب ہے۔ انہوں نے حکومت اور پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے بارے میں مثبت سوچ رکھنے والے افراد اور اداروں سے پر زور مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو توڑا جائے اور ان کے ناپاک وجود سے پاکستان کو پاک کیا جائے۔

علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ یکم جولائی 2012ء کو مینار پاکستان لاہور میں مجلس وحدت مسلمیں کے زیراہتمام قرآن و سنت کانفرنس انشاءاللہ ظلم کے خلاف اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلیے مؤثر آواز ثابت ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 173341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش