0
Thursday 19 Jul 2012 09:39

مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق ہماری منزل ہے، سردار محمد یعقوب

مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق ہماری منزل ہے، سردار محمد یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ ہماری منزل ہے۔ کشمیری مسلمانوں نے 19 جولائی 1947ء کو قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اب تک لاکھوں کشمیری منزل کے حصول کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ 

یوم قرارداد الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آزاد کشمیر یعقوب خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام یوم قرارداد الحاق پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہے۔ یہ دن تجدید عہد اور اس تاریخی عزم کو دہرانے کا دن ہے جو تحریک آزادی کشمیر کو آج تک جاری رکھے ہوئے ہے۔ 19 جولائی 1947ء کو کشمیریوں کی اعلی قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدوجہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کے لیے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔ 

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہمارے سیاسی ایمان کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت ریاست جموں و کشمیر میں نہتے عوام کو ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ پچھلے چند ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ لیکن کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں وہ اپنی آزادی کی تحریک اسی تسلسل سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جس کیلئے کشمیری ایک صدی سے زائد عرصہ سے قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں جاری تحریک کو کچلنے کے لیے ظلم و جبر کا ہر حربہ ناکام ہو چکا ہے اور کشمیری اس مشن کی تکمیل ضرور کریں گے۔ 

بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہو گا اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت ضرور دینا ہوگا۔ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں مذاکرات میں کشمیریوں کو فریق بنائے بغیر کوئی بھی حل قابل قبول نہیں ہو گا۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد کر رہے ہیں۔ صدر زرداری اور وزیراعظم پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کسی لالچ یا غرض کی بنیاد پر نہیں کیا بلکہ یہ فیصلہ کلمہ کی بنیاد پر کیا گیا اور آج بھی سارے کشمیریوں کے دل اہل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 180328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش