0
Wednesday 6 Jan 2010 11:00

سانحہ کراچی کے ملزمان کا پتہ چل گیا،ایک ہفتے میں گرفتار کرلینگے،سی سی پی او

سانحہ کراچی کے ملزمان کا پتہ چل گیا،ایک ہفتے میں گرفتار کرلینگے،سی سی پی او
کراچی:پشاور کی تحقیقاتی ٹیم نے بھی کراچی میں یوم عاشور پر ہونے والے دھماکے کو ریموٹ کنٹرولڈ قرار دے دیا جبکہ سی سی پی او کراچی وسیم احمد نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی کے ملزمان کا پتا چل گیا ہے،ایک ہفتے میں گرفتار کر کے میڈیا کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رحمن ملک کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اور اے آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ پشاور شفقت ملک نے منگل کو اپنی رپورٹ وزارت داخلہ اور آئی جی سندھ کو ارسال کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق جائے وقوع سے ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس استعمال ہونے کے شواہد ملے ہیں۔جس میں 15 سے 20 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔جلوس کے موقع پر پہنچتے ہی ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بم کو لائٹ ہاوس سگنل پر مقدس اوراق کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ جب دھماکہ ہوا تو مقدس اوراق کا ڈبہ بائیں جانب کھڑی ایمبولینس سے ٹکرا گیا۔اسی بنا پر ایمبولینس دائیں جانب سے مکمل طور پر پچک گئی۔ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ 8 اور 9 محرم کو کراچی میں ہونے والے دھماکوں میں بھی یہی مواد استعمال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ کراچی دھماکے کا تعلق اس گروپ سے نہیں ہے جو ملک بھر میں خودکش دھماکے کرا رہا ہے بلکہ یہ کسی نئے گروپ نے کیا ہے جو خاصا تجربہ کار بھی ہے۔
دریں اثناء سی سی پی او کراچی وسیم احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے
کہا ہے کہ سانحہ کراچی میں ملوث افراد کا پتا لگالیا گیا ہے اور ملزمان کو ایک ہفتے میں میڈیا کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کی منصوبہ بندی کا علم ہو گیا ہے۔وسیم احمد نے کہا کہ یہ بھی پتا لگا لیا گیا ہے کہ سانحہ کراچی کی کڑیاں کہاں سے ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ شہر کراچی کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں ان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔سی سی پی او نے کہا کہ ابھی کچھ مجبوریاں ہیں اس لیے فوری طور پر میڈیا کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جا سکتا۔ 
 سانحہ کراچی،یوم عاشور دھماکہ کے اہم شواہد مل گئے،سی سی پی او
کراچی:کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کراچی وسیم احمد نے انکشاف کیا ہے کہ پولیس کو ایسے شواہد مل گئے ہیں جو یوم عاشور پر کراچی میں بم دھماکہ کرنے والے ماسٹر مائنڈز کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں،منگل کی شب جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے واضح کیا کہ 10محرم کے مرکزی ماتمی جلوس میں پلانٹڈ بم دھماکہ کیا گیا۔تاہم فارنسک،کیمیکل اور ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ اور چشم دید گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکے گی،دریں اثنا جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ بم دھماکہ سیکیورٹی کے فقدان کا نتیجہ نہیں تھا ہم مجرموں تک پہنچ گئے ہیں اور ایک ہفتے میں ملزموں کو گرفتار کرلیں گے۔تاہم اس موقع پر ہم تمام حقائق میڈیا سے شیئر نہیں کر سکتے کیوں کہ ہماری بھی کچھ مجبوریاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 18044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش