0
Friday 20 Jul 2012 12:37

پاکستان سنی تحریک نے کارکنان کے فطرہ، زکوٰۃ اور چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کردی

پاکستان سنی تحریک نے کارکنان کے فطرہ، زکوٰۃ اور چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کردی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک نے عام کارکنوں کے فطرہ، زکواۃ اور چندہ جمع کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سنی تحریک کے ذیلی و فلاحی ادارے اہلسنت خدمت کمیٹی کا نام اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن ہوگا اور عوام امسال اپنے فطرے، زکواۃ اور خیرات کی رقم اور اشیاء زیادہ سے زیادہ تعداد میں اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن ( AKF ) کو دے کر دکھی انسانیت کی خدمت میں بھر پور تعاون فرمائیں۔ اِن خیالات کا اظہار مرکز اہلسنت پر پاکستان سنی تحریک ( PST ) کے مرکزی رہنماء محمد شکیل قادری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر فہیم الدین شیخ، PST رابطہ کمیٹی کے رکن سلیم قادری، آفتاب قادری، شہزاد قادری اور طیب قادری بھی موجود تھے۔

محمد شکیل قادری کا کہنا تھا کہ AKF کے تحت جہاں کراچی میں کئی ڈسپنسریاں غریب اور نادار مریضوں کو طبّی سہولیات مفت فراہم کررہی ہیں وہیں غریب بچیوں کی شادیاں، طلبہ و طالبات کو تعلیم کے حصول میں معاونت اور خصوصاً غریب و مستحق پانچ ہزار خاندانوں میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مفت راشن کی تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2003-4 میں افغان جنگ کے متاثرین ہوں یا کشمیر کے زلزلے کے متاثرین یا پھر سندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین ہوں۔ PST نے ہمیشہ اِن متاثرین کی دل کھول کر امداد کی ہے ( AKF ) کے رضاکاروں نے بھی اِن متاثرہ علاقوں میں رضا کارانہ خدمات انجام دی ہیں۔

محمد شکیل قادری نے کہا کہ اگر عوام پاکستان سنی تحریک کے عام کارکنوں کو چندہ جمع کرتے دیکھیں تو براہ راست مرکزی دفتر کے نمبر 02132775462 اور 021-32761788 پر شکایت کریں جبکہ ای میل ایڈریس email@sunnitehreek.com.pk پر تحریری شکایت بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی بھتے کا زور ہے اور امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کے ساتھ یہاں بجلی، پانی اور گیس کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اسی لئے PST کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے PST کے نام پر نامعلوم افراد کی جانب سے جبری چندے کی روک تھام کے لئے PST کے عام کارکنوں پر چندہ جمع کرنے کی پابندی عائد کی ہے اور فنڈ اکٹھا کرنے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو تاجروں، ہمدردوں سے فنڈز کے حصول کے لئے خود رابطہ کرکے اپیل کریں گی۔ تاکہ PST کا نام استعمال کرنے والے نامعلوم افراد کی حوصلہ شکنی ہو اور عوام کو ریلیف ملے۔

محمد شکیل قادری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جبری چندے میں ملوث کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور شکایت ملنے پر معطل بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل بھی کبھی کسی کارکنان کی شکایت ملی ہے تو ہم نے تحریک سے ان کی برخاستگی کو میڈیا پر شائع کیا ہے۔ شکیل قادری نے بتایا کہ سربراہ PST کی ہدایت پر کراچی کے بازاروں اور مارکیٹوں میں جبری چندے کی شکایت کے حوالے سے ہینڈ بل تقسیم ہوں گے اور بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 180576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش