0
Wednesday 25 Jul 2012 14:58

بھتہ خوری، پرچی مافیا اور دیگر جرائم کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ

بھتہ خوری، پرچی مافیا اور دیگر جرائم کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ( داخلہ ) سید سہیل اکبر شاہ، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن، ڈپٹی ڈی جی رینجرز برگیڈیئر محمد رفیق خان، کمانڈر آئی ایس آئی، کمانڈر ایم آئی، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی اقبال محمود، کمشنر کراچی روشن علی شیخ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی پولیس، شرقی، غربی، جنوبی، کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنروں و دیگر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان المبارک کے دوران جرائم پیشہ سرگرمیوں میں اضافے پر سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کے وہ بھتہ خوری، پرچی مافیا اور دیگر جرائم پیشہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں اور قانون کی طاقت اور بالادستی کے ذریعے ان جرائم پر قابو پایا جائے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی شہر میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت میں بحال کیا جائے پولیس اور رینجرز کی گشت میں اضافہ بازاروں، اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔

سید قائم علی شاہ نے پولیس کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو جرائم پیشہ سرگرمیوں سے متعلق انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے تاکہ مجرموں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ معصوم لوگوں کا قتل گھناؤنہ جرم ہے جس کو روکنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرہ علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں واقع قونصلیٹ اور غیر ملکی مشنس جبکہ غیر سرکاری تنظیمیں جو کہ نادار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں ان کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ مجرموں کے خلاف مقدمات کی تفتیش مؤثر طریقے سے کی جائے جبکہ پولیس اور رینجرز کے درمیان ہر سطح پر مربوط تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ زبردستی فطرہ وصول کرنا جرم ہے اور اس جرم میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ( داخلہ ) سید سہیل اکبر شاہ، آئی جی پولیس سندھ فیاض لغاری، اے آئی جی پولیس کراچی اقبال محمود، ڈپٹی ڈی جی رینجرز برگیڈئیر محمد رفیق خان، کمشنر کراچی روشن علی شیخ، ڈی آئی پولیس شرقی اور دیگر ایجنسیوں کے سربراہوں نے امن و امان کی صورتحال اور کاروائی سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹس پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 182011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش