0
Tuesday 19 Jun 2012 04:38

وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی مشیر داخلہ کی مشترکہ صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی مشیر داخلہ کی مشترکہ صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور مشیر داخلہ عبدالرحمان ملک کی مشترکہ صدارت میں امن امان سے متعلق اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری راجا محمد عباس، ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ( داخلہ ) سید سہیل اکبر شاہ، آئی جی پولیس سندھ سید مشتاق شاہ، کمشنر کراچی روشن علی شیخ، کمانڈر ایم آئی، کمانڈر آئی ایس آئی، ایڈیشنل آئی جی پولیس اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی، سی آئی ڈی اور پولیس کے ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر پولیس، رینجرز اور دیگر ایجنسیسز پر زور دیا کہ وہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد، بھتہ خوروں اور ڈاکوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ امن وامان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی بہتر ہے تاہم اسے مزید بہتر کیا جائے تاکہ شہر کراچی کو امن کا گہورا بنایا جائے۔ سید قائم علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیں قتل و غارت گری کے واقعات پر سختی کے ساتھ کنٹرول کریں جبکہ نسلی، فرقہ وارانہ اور بھتہ خوری اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہونے والے قتل و غارت گری کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پولیس اور رینجرز پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابیوں کو میڈیا کے ذریعے مؤثر طریقے سے تشہیر کریں۔

مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ شہر میں جاری لاقانونیت اور کشیدگی کے پس پردہ بعض سیاسی عناصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کے خلاف بلاتفریق فوری کاروائی کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز، آئی جی سندھ پولیس اور خفیہ اداروں کے سربراہوں نے کراچی کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں رینجرز اور پولیس کی کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا باالخصوص پولیس اور رینجرز کی حالیہ کاروائیوں کو سراہا گیا جس کے نتیجے میں کئی اہم مجرم گرفتار کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہر سطح پر مربوط ٹارگیٹیڈ کاروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرنے اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں جرائم پیشہ افراد کی تحقیقاتی رپورٹ اور ان کی طرف سے کسی بھی سیاسی پارٹی سے وابستگی کے دعوے کو متعلقہ سیاسی جماعت کی قیادت کے سامنے لائے جانے کے لئے بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ مجرموں سے متعلق معلومات سیاسی جماعتوں سے آئندہ ہونے والے اجلاس کے بعد عوام کے سامنے لائی جائے گی۔ ایک رپورٹ پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ گلیوں میں پرائیویٹ رکاوٹوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ آئندہ ہفتے سیاسی جماعتوں کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 172455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش