0
Saturday 28 Jul 2012 21:54

او آئی سی میانمار کے مسلمانوں کی نسل کشی کو فی الفور رکوائے، علامہ ساجد نقوی

او آئی سی میانمار کے مسلمانوں کی نسل کشی کو فی الفور رکوائے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر و سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کی حالت زار مخدوش ہوتی جا رہی ہے اور اس حوالے سے سفارتی کوششیں کامیاب ہوتی نظر نہیں آرہیں، حکومت پاکستان عوام کے جذبات و احساسات کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے مظلوم برمی مسلمان بھائیوں کی ہر طرح سے امداد کرے اور قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔

اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم کے آمدہ اجلاس سے بھی مسلم امہ کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں، توقع ہے کہ او آئی سی میانمار مسلمانوں کے لئے ٹھوس اور جامع پالیسی مرتب کرکے دہشت گردوں کے ہاتھوں انکی نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم کو فی الفور رکوائے گی اور مظلوموں کو جانی تحفظ فراہم کرکے مسئلہ کا ٹھوس اور جامع حل نکالے گی، نیز پوری دنیا میں عالم اسلام کے خلاف روا رکھے جانے والے امتیازی رویوں پر بھی صدائے احتجاج بلند کرے گی۔

اپنے اعزاز میں ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ گذشتہ تین عشروں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کو برمی افواج اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے نسل کشی، قتل و جارحیت، ظلم و زیادتیوں اور جبری ترک وطن جیسے مسائل اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کا سامنا رہا ہے، ان حالات میں عالمی امن کے دعویداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی معنی خیز اور افسوسناک ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جبکہ اس حوالے سے مسلمان ممالک بھی کوئی قابل ذکر اور اہم کردار ادا نہیں کر رہے۔
 
انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی موثر سفارتی کوششیں نہیں ہوئیں اور اگر کوئی کوشش کی بھی گئی ہے تو وہ بارآور ثابت نہیں ہوئی۔ لہذا اسلامی جمہوری ریاست کے طور پر حکومت پاکستان کو عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے موثر اقدامات اور ٹھوس کوششیں کرنا ہوں گی اور اس سلسلے میں عوام کو بھی حقائق بتائے جائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 182974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش