0
Tuesday 7 Aug 2012 12:51

دہشت گردوں کی سرپرستی کا نتیجہ پنجاب حکومت آئندہ الیکشن میں بھگت لے گی، علامہ اسدی

دہشت گردوں کی سرپرستی کا نتیجہ پنجاب حکومت آئندہ الیکشن میں بھگت لے گی، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کربلا گامے شاہ کو دو برس بیت گئے ہیں لیکن آج تک اس سانحہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان کا نیٹ ورک تلاش کیا جا سکا، اس حوالے سے ملت جعفریہ میں اضطراب پایا جاتا ہے، پوری ملت جعفریہ بالخصوص شہدا کے ورثا سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب تک سانحہ کربلا گامے شاہ کی تحقیقات کا کسی نتیجہ پر نہ پہنچنا ہماری ایجنسیوں اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ہم اس سانحہ کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی(رہ) کے حکم پر ہر سال امت مسلمہ جمعہ الوداع کو یوم القدس کے نام سے مناتی ہے اور مجلس وحدت مسلمین بھی پورے ملک میں ملی یک جہتی کونسل پاکستان، آئی ایس او اور دیگر قومی اور اسلامی تنظیموں اور اداروں کے ساتھ مل کر 28 رمضان المبارک کو لاہور میں مرکزی ریلی مسجد صاحب الزمان اسلام پورہ سے نکالے گی جس کی قیادت علمائے کرام کریں گے اور ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچے اور نوجوان شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملی یک جہتی کونسل نے بھی جمعہ کو یوم آزادی القدس منانے کا اعلان کیا ہے ہم اس اعلان کو ملت اسلامیہ پاکستان اور جہان اسلام کیلئے نوید مسرت سمجھتے ہیں اور اپنے تعاون کی بھرپور یقین دہانی کرواتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں جلوس عزاداری حضرت امیرالمومین حضرت علی علیہ السلام اور یوم القدس کی ریلیوں کے راستے کی تمام رکاوٹیں دور کریں اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے حکم پر ماہ رمضان کے آخری عشرہ کو ہفتہ نزول قرآن کے عنوان سے منائیں گے اور اس سلسلے میں مرکزی پروگرام 24 رمضان کو الحمراء میں ہو گا جس سے مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء، علمی و قلمی شخصیات شریک ہوں گی۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم وزیر قانون پنجاب کی دوغلی پالیسی سے پنجاب حکومت کو بارہا آگاہ کرتے رہے ہیں لیکن صوبائی حکومت نے ہمارے خدشات اور مطالبات کو بالائے طاق رکھ کر موصوف کو صوبے میں فری ہیند دے رکھا ہے ہم یہ بات حکومت کے گوش گزار کرنا چاہتے ہیں کہ دہشت گردوں کی سرپرستی کا نتیجہ آئندہ الیکشن میں نواز لیگ بھگت لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور کے مطابق کوئی شیعہ کسی ایسی جماعت کو ووٹ نہیں دے گا جس کا تعلق اور رابطہ کسی دہشت گرد تنظیم سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا حقیقی سرپرست امریکہ ہے جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے اور نیٹو سپلائی کی بحالی اس کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک گروہ جسے سب مسلمان مسترد کر چکے ہیں یہی وہ گروہ ہے جو مساجد اور امام بارگاہوں میں بم دھماکے کرتا ہے اور قرآن مجید جلاتا ہے ایسے عناصر کے ساتھ دوستی درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت یہ کہتی ہے کہ وہ ووٹر ہیں تو دہشت گرد کسی کا ووٹر یا سپورٹر نہیں ہوتا بلکہ وہ معاشرے اور ریاست کا مجرم ہوتا ہے اس سے تعلق رکھنے والا بھی اس کے جرم میں برابر کا شریک ہوتا ہے لہذا وزیر قانون پنجاب کو ہم دہشت گردوں کا ساتھی تصور کرتے ہیں اور پنجاب حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ ایسے عناصر سے پارٹی کو پاک کیا جائے جو بدنامی کا باعث ہیں۔ اس موقع پر ذوالفقار علی اسدی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ محمد اقبال کامرانی، سید اسد عباس نقوی اور افسر رضا خان بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 185545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش