0
Wednesday 15 Aug 2012 11:30

میں سیاست میں منافقت نہیں کرتا، بیرسٹر سلطان

میں سیاست میں منافقت نہیں کرتا، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چڑہوئی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چڑہوئی میرا حلقہ انتخاب ہے میں نے اس حلقہ میں محنت کی اس حلقہ کو بنایا اور آج میری ہی وجہ سے یہ حلقہ پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے۔ اس موقع پر انھوں نے نام لئے بغیر ایک شعر پڑھا کہ "جن پتھروں کو ہم نے عطاء کی تھیں دھڑکنیں، جب انہیں زباں ملی تو ہم ہی پر برس پڑے"۔ بیرسٹر سلطان نے کہا کہ میں سیاست میں منافقت نہیں کرتا جن پتھروں کو ہم نے آواز دی وہی آج ہم پر برس رہے ہیں لیکن ان پتھروں کو اپنی اوقات یاد رکھنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں نے کسی کو صدر بنایا کسی کو وزیر اعظم بنایا اور کسی کو وزیر بنایا کیونکہ میں الیکشن مہم کا انچارج تھا لیکن اس وقت میرے پاس نہ تو کوئی جماعتی عہدہ ہے نہ حکومتی اور نا ہی کوئی سیاسی عہدہ ہے لیکن اس کے باوجود میں جہاں جاتا ہوں لوگ میرا والہانہ استقبال کرتے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ میری حکومت لوگوں کے دلوں میں ہے، باقی حکومتیں عارضی ہوتی ہیں لیکن میں لوگوں کے دلوں پر حکومت کرتا ہوں جو کبھی ختم نہیں ہوتی۔
 
سابق وزیراعظم  نے کہا جب میں نے عوامی رابط مہم شروع کی اس آزاد کشمیر حکومت کو بنے ایک سال ہو گیا تھا میں نے اس عرصہ میں یہ کوشش کی کہ اس حکومت کو راہ راست پر لاؤں میں خود حکومت کا حصہ ہوں خود پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ ہوں لیکن میں کرپشن کا حصہ نہیں ہوں میری صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں میری پارٹی نے جس طرح آزاد کشمیر کے الیکشن میں میری ڈیوٹی لگائی تھی اسی طرح انھوں نے پاکستان کے الیکشن کے لئے بھی ڈیوٹی لگائی ہے اور میں کراچی سے بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر رہا ہوں انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے لئے بنوائی لیکن عوام مایوس ہیں۔ اس لئے مجھے رابطہ مہم شروع کرنا پڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا، کارکنوں کو ان کا حق دلانا میری ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری پوری طرح نبھاؤں گا۔ 

اس موقع پر صدر تقریب روبینہ مالک چوہدری نے کہاکہ ہمیں یہ جلسہ کرنے سے روکا گیا رکاوٹیں کھڑی کی گئی لیکن ہم پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں ہیں مجھے کئی بار آفرز آئی کہ تمھیں یہ بنا دیتے ہیں وہ بنا دیتے ہیں لیکن میں نے کہا ایسے عہدوں پر لعنت جو بیرسٹر سلطان سے غداری کر کے ملیں آنے والا دور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ہے ہم صدر پاکستان آصف علی زرادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا ہے تو بیرسٹر سلطان کو وزیراعظم بنا دیں۔ 

اس موقع پر عطا محی الدین قادری نے کہا کہ بیرسٹرسلطان محمود کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ عظیم بخش چوہدری نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہی کشمیر عوام کے قائد ہیں انھی کی بدولت آج پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی ہے۔ سید مظہر کاظمی نے کہا کہ جو آدمی آج بڑے منصب پر ہے اس کو اس وقت ٹکٹ اور وزارت بیرسٹر سلطان کی جوتیوں کے صدقے ملی۔ باقی مقررین میں ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،اکرم چٹھہ ایڈووکیٹ،نصیر ایڈووکیٹ،جاوید شاہد ایڈووکیٹ،ساجد چوہدری ایڈووکیٹ اور چوہدری لیاقت نے بھی خطاب کیا اور بیرسٹر سلطان کو کشمیری قوم کا قائد قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 187688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش