0
Wednesday 22 Aug 2012 23:47

ایف سی اہلکار کسی بھی مذہبی گروہ کا ساتھ نہ دیں، ڈاکٹر خلیل بھٹہ

ایف سی اہلکار کسی بھی مذہبی گروہ کا ساتھ نہ دیں، ڈاکٹر خلیل بھٹہ
اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری گلگت بلتستان کے ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر خلیل احمد بھٹہ نے کہا ہے کہ بقائے انسانیت کیلئے شہید ہونا فورس کے ہر جوان کی خواہش ہے۔ ایف سی اہلکار منظور علی کی طرح امن و امان کے قیام اور علاقے کے تحفظ کے لئے ہمارا ہر جوان سینہ سپر ہوکر اپنا کردار ادا کرے گا۔ ایف سی ہیڈ کوارٹر گلگت میں سیکوریٹی سے متعلق ہنگامی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈی او ایف سی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام کے لئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کا کردار قابل تعریف ہے۔ ایف سی نے ہمیشہ بقائے انسانیت کیلئے کردار ادا کیا ہے اور علاقے سے دہشت گردی کو روکنے کیلئے ہر طرح کی قربانی دی ہے۔

انہوں نے ایف سی کے آفیسروں اور جوانوں سے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے دہشت گردی کو ختم کرنے اور امن کو قائم و دائم رکھنے کیلئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں تاکہ ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد خاک میں مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکار کسی بھی مذہبی گروہ کا ساتھ دینے کے بجائے ملک و علاقے کے تمام عوام کو ایک نگاہ سے دیکھیں اور ہر فرد کا تحفظ اپنا فرض سمجھ کر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایمرجنسی اجلاس کا مقصد ایف سی کے تمام آفیسرز اور جوانوں کو پیغام دینا ہے کہ وہ قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کیلئے مزید حوصلے اور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں اور اس علاقے کے امن میں خلل ڈالنے والے افراد کے ساتھ کسی قسم کی بھی رعایت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرکار کے ملازم ہیں اور اپنی تنخواہ کو حلال کرنے کے لئے اپنے فرائض میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے کسی بھی اہلکار کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر خلیل احمد بھٹہ نے فرائض کے دوران جاں بحق ہونے والے سپاہی منظور علی کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی اہلکار نے علاقے کے امن کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نہایت افسوس کا اظہار کیا کہ جب ایف سی کے اہلکاروں پر فائرنگ ہورہی تھی تو پاس ہی پولیس موبائل بھی موجود تھی۔ وہاں پر موجود پولیس کے جوانوں نے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جس پر دکھ ہے۔ انہوں نے سکوار میں نئے بننے والے بیرکوں کو منظور علی کے نام کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
خبر کا کوڈ : 189293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش