0
Monday 3 Sep 2012 00:26

لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن ہونگے، زرداری

لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن ہونگے، زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر آصف زرداری نے عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کیلئے آرڈیننس لانا پڑے تو فوری لایا جائے گا۔ کراچی میں صدر زرداری کی صدارت پیپلزپارٹی سندھ کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ صدر آصف علی ذرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے اور عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے اور پیپلز پارٹی عام انتخابات کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات بھی اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑے گی۔

صدر زرداری کی صدارت پیپلزپارٹی سندھ کی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا ۔اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی نظام پر غور کیا گیا، جس میں وزیراعلٰی سندھ سمیت پیر مظہر االحق، آغا سراج درانی، رفیق انجنیئر، مراد علی شاہ، ایاز سومرو، قادر پٹیل اور دیگر نے شرکت کی۔ پیر مظہر الحق نے بلدیاتی نظام پر اتحادیوں سے جاری مذاکرات سے صدر کو آگاہ کیا، صدر کو بتایا گیا کہ بلدیاتی نظام کی مدت ختم ہونے سے قبل آرڈیننس لایا جا رہا ہے، جس پر صدر نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کی جو اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کرے گی۔

صدر زرداری نے ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے نمائندے عوام میں جائیں انہیں اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں۔ صدر نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، عوام سے ملکر ان کے مسائل حل کریں۔ اجلاس میں صدر زرداری نے ایم کیو ایم کے خلاف بیان دینے پر قادر پٹیل پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ اتحادیوں کے خلاف ایسی زبان کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، صدر زرداری نے قادر پٹیل فوری طور پر اپنے بیان کی وضاحت پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ 

پی پی پی سندھ کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلٰی سندھ نے مجموعی امن وامان کی صورتحال سے صدر کو آگاہ کیا، وزیراعلٰی سندھ نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ صدر نے ہدایت کی کہ امن وامان کی بحالی اور عام انسان کی زندگی کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے، حکومت کی اولین ترجیح لوگوں کے جان ومال کا تحفظ ہے، صدر زرداری نے کراچی میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی، صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد شہر کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
 دوسری جانب صدر زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ کا وفد ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں کل سہ پہر ملاقات کر رہا ہے، جس میں اتحادیوں کے درمیان تعلقات، نئے بلدیاتی نظام اور حکومتی امور پر غور کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 192215
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش