0
Monday 3 Sep 2012 17:42

نواز شریف اور زرداری ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، اسد اللہ بھٹو

نواز شریف اور زرداری ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ امریکا کی خواہش پر پاکستان کو اندرونی اور بیرونی قوتیں کمزور کر رہی ہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ وہ جماعت اسلامی زون لیاری کے تحت عبد الخالق جمعہ ہال میں عید فیملی عید ملن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے قیم علی حسین، نائب امیر سید عبدالرشید، جماعت اسلامی لیاری زون کے امیر عظمت اللہ اور سماجی رہنماء بابو غلام حسین بھی موجود تھے۔

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ ملک میں اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے، حکومتیں آتی اور جاتی رہتی ہیں، ملک میں عوام نے سب کا نظام دیکھ لیا ہے، لیکن عوام کے حالات تبدیل نہیں ہوئے ہیں، اب عوام کے اندر بیداری کی لہر پیدا ہوئی ہے، 18 کروڑ عوام اپنے مستقبل کو سنوارنے کیلئے ان تمام لوگوں سے نجات چاہتے ہیں، جو پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور ڈکٹیٹروں کے نام پر عوام پر مسلط رہے ہیں اور جب تک زرداری، گیلانی، راجہ اور مسلم لیگ کے نام پر یہ لوگ مسلط رہیں گے حالات درست نہیں ہوں گے، یہی عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرتے ہیں، زرداری اور مہنگائی لازم و ملزوم ہیں، زرداری کے جتنے عوام دشمن اقدامات ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ساتھ نواز شریف اس میں برابر کے شریک ہیں یہ ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو بیروزگاری اور مہنگائی کے تحفے دیئے ہیں، ہماری جدوجہد کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اب چوروں اور لٹیروں کو مسترد کرکے اپنی رائے سے انقلاب برپا کریں۔ 64 برس میں سول اور فوجی حکمرانوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا، جماعت اسلامی ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ داخلہ اور خارجہ پالیسی تبدیل کی جائے اور اسے قیام پاکستان سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ اس وقت ملک شدید بحران کا شکار ہے، عوام مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور عام آدمی کے گھر کا چولہا جلنا مشکل ہوگیا ہے، دوسری طرف حکومت اپنی مدت میں ایک سال اضافہ کیلئے کوشاں ہے۔ دہشتگردی، بدامنی اور قبائلی جھگڑوں کو کنٹرول کرنے میں خود حکمراں اتحاد سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولہ بلدیاتی انتخابات یا ووٹر لسٹوں کی آڑ میں اپنی مدت اقتدار کو بڑھانے کی سازش کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت کو اقتدار میں آئے ساڑھے چار سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود حکمرانوں نے اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے لہٰذا حکومتی مدت میں مزید ایک سال اضافہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 192436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش