0
Tuesday 11 Sep 2012 11:31

جے کے ایل ایف کنونشن، روف کشمیری دوبارہ چیئرمین منتخب

جے کے ایل ایف کنونشن، روف کشمیری دوبارہ چیئرمین منتخب
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی عہدیداران کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ گذشتہ روز راولاکوٹ میں ہونے والے کنونشن میں آئندہ دوسالوں کے لیے روف کشمیری کو ایک مرتبہ پھر چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے جب کہ سردار ساجد خان کو مرکزی سیکرٹری جنرل چنا گیا ہے۔ قبل ازیں جے کے ایل ایف اور ایس ایل ایف کے زیراہتمام ریاست جموں کشمیر سے غیرملکی فوجوں کے مکمل انخلاء، ریاست جموں کشمیر میں نافذ کالے قوانین، پونا،یفسپا، ایکٹ 74ء، معاہدہ کراچی کے خاتمے اور گلگت بلتستان میں سٹیٹ سیجیکٹ رول کی خلاف ورزی کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی نے پورے شہر کا چکر لگایا۔ 

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آزادی ہمارا پیدائشی حق ہے۔ جس کے قائد جموں کشمیر محمد مقبول بٹ، شہید سردار رشید حسرت، اورنگزیب شہید، اشفاق مجید درانی شہید، عبدالحمید شہید، وقار کاشر شہید اور دیگر شہداء نے آزادی کشمیر کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ لاکھوں شہداء کی قربانی دینے اور قومی آزادی کے لیے لازوال قربانیوں کے بعد کچھ عالمی ممالک یہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان جموں کشمیر کی بندر بانٹ پر راضی ہو جائیں گے۔ یہ انکی خام خیالی ہے۔ ریاست کی تقسیم کی سازش خطے کے امن کو سنگیں خطرات سے دوچار کر دے گی۔ اگر اقوام متحدہ اور عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں واقعی امن چاہتی ہے تو پونے دو کروڑ کشمیریوں کی قومی آزادی کی حمایت کرے اور خودمختار کشمیر کے لیے حقیقی اقدامات اٹھائے۔ 

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان اپنے ملکوں میں امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات کرتے ہیں اور عملی اقدامات اٹھانا چاہتے ہیں لیکن ریاست جموں کشمیر میں خون کی ندیاں بہانے کے باوجود انکے بنیادی حقوق تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ ریاست کے دونوں اطراف کالے قوانین نافذ ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے حکمرانوں اور اسٹبلشمنٹ کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ ریاست جموں کشمیر سے اپنی فوجیں نکال کر اقتدار اعلی کو کشمیریوں کے حوالے کر دیں۔ تاکہ جنوبی ایشیاء کے دو ارب انسان امن اور خوشحالی کی زندگی بسر کر سکیں۔ مقررین کہا کہ حالات جو بھی ہوں اپنی جدوجہد خودمختار جموں کشمیر کے قیام اور استحصال سے پاک معاشرہ کے قیام تک جاری رکھیں گے۔ دوسرے سیشن میں آئندہ دو سالوں کے لیے عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 194511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش